(غزہ۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 18 رمضان 1439ھ) غزہ کی مشرقی سرحد کے نزدیک اسرائیل فوج نے ایک فلسطینی نرس رزان النجّار کو گولی مارکر شہید کردیا ہے۔ 21 سالہ النجّار محصور غزہ کی پٹّی میں زخمی فلسطینیوں کو طبّی امداد فراہم کررہی تھیں جب اسرائیلی فوج کے نشانہ باز نے اُنہیں اپنی سفّاکیت کا نشانہ بنایا۔
اس منظر کو موقع پر موجود سینکڑوں لوگوں نے دیکھا جن میں فلسطینیوں کے علاوہ غیرملکی بھی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل اسرائیلی فوج نے غزہ میں ہی کینیڈا کے ایک ڈاکٹر کو بھی گولی ماری تھی۔ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے طبّی کارکنان کے ہلاک اور زخمی ہونے کی تعداد روزبروز بڑھتی جارہی ہے۔
اطلاعات کیمطابق النجّار کے سینے میں گولی لگی تھی۔ موقع پر موجود دیگر ڈاکٹروں نے اُن کی جان بچانے کی ہرممکن کوشش کی لیکن شدید زخموں اور خون بہہ جانے کی وجہ سے وہ جانبر نہ ہوسکیں۔
