(کراچی۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 9 رجب 1439ھ) تیسرے پاکستان سُپرلیگ کرکٹ کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی کوتین وکٹوں سے شکست دے کر چیمپئن بن گئی ہے۔ اُس نے یہ اعزاز دوسری مرتبہ حاصل کیا ہے۔ اِس فائنل میچ کیلئے کراچی میں سلامتی کے سخت ترین اقدامات کیے گئے تھے اور کئی اہم شاہراہیں ٹریفک کیلئے مکمل بند تھیں۔ شائقین کرکٹ دوپہر ہی سے اسٹیڈیم پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔ اسٹیڈیم اور اُس کے اطراف کا علاقہ میچ شروع ہونے سے قبل مکمل جگمگا رہا تھا جبکہ اسٹیڈیم کی طرف جانے والے راستے بھی خوبصورت نظارہ پیش کررہے تھے۔
اس میچ میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر پہلے خود بلّے بازی کرنے کا فیصلہ کیا لیکن اُن کی ٹیم کو سب سے پہلا نقصان اُ س وقت اُٹھانا پڑا جب اُس کے اہم بلّے باز کامران اکمل صرف ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد جلد ہی محمد حفیظ بھی سمیت پٹیل کو وکٹ دے بیٹھے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے بالروں نے پشاور زلمی کے کسی بلّے باز کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ پشاور زلمی کی بڑے اسکور کی اُمیدیں اُس وقت ماند پڑگئیں جب شاداب خان نے دو مسلسل گیندوں پر پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی اور عمید آصف کو آؤٹ کردیا۔ لیکن اس کے بعد وہاب ریاض نے مزاحمت کرتے ہوئے 14 گیندوں پر 28 رنز بنائے جس کی بدولت 20 اوورز میں پشاور زلمی کا مجموعی اسکور 9 وکٹوں پر 148 رنز رہا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنی اننگز کا آغاز جارحانہ اور بااعتماد انداز میں کیا۔ اُس کے بلّے باز لیوک رونکی نے اپنے مخصوص جارحانہ انداز میں چوتھے ہی اوورز میں ٹیم کا اسکور 50 سے زیادہ کردیا۔ رونکی اور فرحان نے پہلی وکٹ کی شراکتدار میں 96 رنز بناکر اپنی ٹیم کیلئے جیت کی راہ ہموار کردی۔ رونکی 26 گیندوں پر پانچ چھکّوں اور چار چوکوں کی مدد سے 52 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
بعدازاں پشاور زلمی چیڈوک والٹن، جین پال ڈومینی اور فرحان کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئی جبکہ حسن علی نے شاداب خان کو آؤٹ کرکے میچ میں اپنی ٹیم کیلئے کُچھ اُمیدیں پیدا کردیں۔ لیکن اس اہم موقع پر کامران اکمل، آصف علی کا ایک کیچ پکڑنے میں ناکام ہوگئے جس کا خمیازہ اُن کی ٹیم کو اس طرح اُٹھانا پڑا کہ آصف علی نے حسن علی کی لگاتار تین گیندوں پر تین چھکّے مارے جس سے میچ میں پشاور زلمی کی اُمیدوں کو ناقابلِ تلافی جھٹکہ لگا۔ اگلے ہی اوور میں فہیم اشرف نے وہاب ریاض کی گیند پر چھکّا مار کر اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی اور اسلام آباد یونائیٹڈ دوسری مرتبہ پاکستان سُپر لیگ کی چیمپئن بن گئی۔
ہم آپ کا آن لائن تجربہ بہتر بنانے کیلئے کُوکیز استعمال کرتے ہیں۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ڈاٹ کام کی ویب سائٹ کا استعمال جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہماری کُوکیز و رازداری طریقِ عمل پالیسی اور شرائط وضوابط سے متفق ہیں۔ مزید آگاہی کیلئے رازداری طریقِ عمل دیکھیے۔منظوررازداری طریق عمل