(پیانگ یانگ۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 9 فروری 2018) شمالی کوریا کے رہنماء کم جونگ اُن نے ملکی فوج کے ستّرویں یوم تاسیس کی بڑی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ علاقائی اور عالمی امن تباہ کررہا ہے۔ اُنہوں نے سالانہ پریڈ کا معائنہ کیا جس میں بین البراعظمی بینلسٹک میزائل ہوانگ سونگ 15 سمیت ملک کے طقتور ترین ہتھیاروں کی نمائش کی گئی۔
اُنہوں ںے اپنے خطاب میں ملک کی مسلح أفواج پر زور دیا کہ جزیرہ نما کوریا میں امن کی حفاظت کریں اور فوجیوں سے کہا کہ ملک کے سابقہ قائدین کی قائم کردہ انقلابی روایات کو برقرار رکھیں۔
کم جونگ اُن نے کورین پیپلز آرمی کے 50 دستوں کے افسران اور فوجیوں کا جوش وخروش بڑھاتے ہوئے اُنکی حوصلہ افزائی کی۔ ان دستوں میں میزائل فورسز، بری فوج، فضائیہ اور خصوصی کاروائی فورس سمیت دیگر فوجی دستے شامل تھے۔
اس سالانہ پریڈ کو اس وجہ ست بھی بین الاقوامی توجہ حاصل ہوئی کہ یہ جنوبی کوریا میں پیونگ چانگ سرمائی اولمپکس کے افتتاح سے ایک دن قبل منعقد کی گئی ہے۔
ان اولمپکس کھیلوں میں جنوبی وشمالی کوریا مشترکہ طور پر ایک ہی جھنڈے تلے حصہ لیں گے۔ پیانگ یانگ اپنے کھلاڑیوں اور دیگر حکّام کا وفد جنوبی کوریا بھیج چکا ہے جو وہاں پہنچ چکے ہیں۔
جزیرہ نما کوریا کی صورتحال اور امریکہ و شمالی کوریا کے مابین حالیہ اشتعال انگیز بیان بازی کے تناظر میں دنیا بھر کی نظریں پیونگ چانگ سرمائی اولمپکس پر لگی ہوئی ہیں۔