(کراچی۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 07 رمضان 1439ھ) امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن کے ایک ہائی اسکول میں دہشتگردانہ فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والی 17 سالہ پاکستانی طالبہ سبیکا عزیز شیخ کی نمازِ جنازہ کراچی میں ادا کی گئی ہے۔
گلشن اقبال کراچی کے حکیم سعید گراؤنڈ میں ادا کی گئی نماز، جنازہ میں صوبہ سندھ کے وزیرِ اعلیٰ اور سیاسی شخصیات سمیت سبیکا عزیز شیخ کے رشتے داروں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بعد ازاں اُنہیں کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی کے عظیم پوری قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔
اُن کا جسد خاکی بُدھ کی علی الصبح ترکش ایئر لائن کی پروازTK-708 کے ذریعے 3 بج کر 55 منٹ پر کراچی پہنچا تھا۔
سبیکا عزیز شیخ کی نمازِ جنازہ ہیوسٹن میں بھی ادا کی گئی تھی جس میں امریکا میں مقیم پاکستانی برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی تھی جبکہ امریکہ میں اُن کے میزبان خاندان کے اراکین بھی موجود تھے۔
کینیڈی لوگر یوتھ ایکسچینج منصوبے کے تحت ہیوسٹن سانٹافے اسکول میں تعلیم کے حصول کیلئے جانے والی 17 سالہ پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ 18مئی کو اسکول میں ہونے والی دہشتگردانہ فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے 10 افراد میں شامل تھیں۔ وہ گزشتہ سال 21 اگست کو 10 ماہ کیلئے امریکہ گئی تھیں اور اُنہیں 6 جُون کو واپس وطن پہنچنا تھا۔
سبیکا شیخ کی ناگہانی موت پر پورا پاکستان سوگوار ہوگیا ہے اور اُن کے گھر پر تعزیت کیلئے آنے والوں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔
امریکہ کے تعلیمی اداروں میں فائرنگ اور فائرنگ سے ہلاکتوں کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔ ملک میں بندوق اور پستول جیسے ہتھیاروں کو رکھنے کی آزادی کیخلاف امریکہ بھر میں آواز اُٹھائی جارہی ہے۔ طلباء سمیت اساتذہ اور والدین آتشین اسلحے پر پابندی کے مطالبات کررہے ہیں لیکن امریکی حکومتیں مسلسل اس مطالبے کو نظر انداز کرتی رہی ہیں۔
ہم آپ کا آن لائن تجربہ بہتر بنانے کیلئے کُوکیز استعمال کرتے ہیں۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ڈاٹ کام کی ویب سائٹ کا استعمال جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہماری کُوکیز و رازداری طریقِ عمل پالیسی اور شرائط وضوابط سے متفق ہیں۔ مزید آگاہی کیلئے رازداری طریقِ عمل دیکھیے۔منظوررازداری طریق عمل