(نیویارک۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 7 فروری 2018) امریکہ کی سب سے بڑی حصص منڈی کا اشاریہ ڈاؤجونز پیر کے روز ریکارڈ گراوٹ کا شکار ہوا جس نے ایشیائی حصص منڈیوں پر منفی اثرات مرتب کیے اور ٹوکیو و ہانگ کانگ کی حصص منڈیوں میں بھی نمایاں گراوٹ دیکھنے میں آئی۔ ڈاؤجونز اشاریہ پیر کے روز 4.6 فیصد گرکر 24345.75 پوائنٹس تک پہنچ گیا جو پچھلے چند سالوں میں سب سے بڑی کمی ہے۔ تاہم منگل کے روز 550 پوائنٹس کے اضافے کیساتھ بند ہوا جبکہ دیگر حصص اشاریوں میں بھی بہتری آئی ہے۔
امریکہ میں پیر کے روز ڈاؤجونز اشاریہ 1175 پوائنٹس گرا تھا جس کے نتیجے میں منگل کی صبح سے ایشیائی حصص منڈیوں میں تیزی کیساتھ گراوٹ دیکھنے میں آئی۔ جاپان کا معیاری نکے اشاریہ منگل کے روز 4.73 فیصد اور ہانگ کانگ کا اشاریہ ہینگ سینگ 4.7 فیصد نیچے آیا۔
تجزیہ کاروں کیمطابق اس گراوٹ کی وجہ یہ ہے کہ سرمایہ کار امریکی اور عالمی معیشت کی پیشگوئیوں میں تبدیلی اور بینکوں سے قرضہ لینے کی قیمت میں ممکنہ اضافے پر ردعمل کررہے ہیں۔ تاہم اُن کا کہنا ہے کہ یہ معیشت کی کمزوری نہیں اور نہ ہی اس بات کا اشارہ ہے کہ منڈیاں کمزور ہیں۔