(سنگاپور۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 27 رمضان 1439ھ) امریکی صدر ٹرمپ اور شمالی کوریائی رہنماء چیئرمین کِم جونگ اُن نے ایک دستاویز پر دستخط کردیے ہیں جس کے بعد ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے اور کِم نے ماضی کو پیچھے چھوڑ کر خصوصی بندھن قائم کرلیے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے سامنے مختصر سی تقریب میں دستاویز پر دستخط کیے تاہم فوری طور پرمکمل تفصیلات نہیں بتائیں۔
اس موقع پر ایک نامہ نگار نے صدر ٹرمپ سے سوال کیا کہ آیا وہ کِم کو وہائٹ ہاؤس آنے کی دعوت دیں گے تو اس پر اُنہوں نے فوری جواب دیا کہ ’’یقینی طور پر میں دعوت دوں گا‘‘۔
دستخط شُدہ دستاویز سے عندیہ ملتا ہے کہ جزیرہ نما کوریا کو ایٹمی ہتھیاروں سے مکمل پاک کرنے کیلئے کام کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اسمیں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماء امریکہ اور شمالی کوریا کے نئے تعلقات کے قیام کیلئے کام کریں گے۔
صدر ٹرمپ نے اس دستاویز کو جامع اور کِم سے سربراہ ملاقات کو شاندار قراردیا ہے۔
قبل ازیں، ٹرمپ اور کِم جونگ اُن نے سنگاپور کے جنوبی جزیرے سینتوسا کے کاپیلا ہوٹل میں لگ بھگ 38 منٹ کی علیحدہ ملاقات کے بعد جس میں صرف دونوں جانب کے مترجم موجود تھے، ایک دوطرفہ ملاقات میں بھی شمالی کوریائی رہنماء سے بات چیت کی ہے۔ اِس ملاقات میں امریکہ کے وزیرِ خارجہ مائیک پومپیئو، جون کیلی اور صدر ٹرمپ کے خصوصی مشیر جون بولٹن بھی موجود تھے جبکہ شمالی کوریا کیجانب سے وزیرِ خارجہ ری یونگ ہو اور خصوصی مشیر کِم یونگ چھول ملاقات میں شریک تھے۔
صدر ٹرمپ اور چیئرمین کِم نے عملی ظہرانے پر یہ دوطرفہ ملاقات کی اور اس کے آغاز میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بھی بات چیت کی۔
بعد ازاں صدر ٹرمپ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ’’درحقیقت ہماری ملاقات بہت شاندار رہی، کافی پیشرفت ہوئی ہے‘‘۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ واقعی بہت مثبت ملاقات رہی، میں سمجھتا ہوں کہ جتنا کوئی تصور کرسکتا ہے اُ سسے بہتر ملاقات ہوئی‘‘۔ امریکی صدر کے اندازِ بیان سے لگتا تھا کہ وہ چیئرمین کِم سے اپنی پہلی اور تاریخی ملاقات سے مطمئن ہیں۔
شمالی کوریا کیجانب سے امریکی صدر اور کِم جونگ اُن کی سربراہ ملاقات کے حوالے سے ابھی ذرائع ابلاغ کو کچھ نہیں بتایا گیا۔ توقع ہے کہ تمام تفصیلات اگلے چند گھنٹوں میں سامنے آجائیں گی۔
ہم آپ کا آن لائن تجربہ بہتر بنانے کیلئے کُوکیز استعمال کرتے ہیں۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ڈاٹ کام کی ویب سائٹ کا استعمال جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہماری کُوکیز و رازداری طریقِ عمل پالیسی اور شرائط وضوابط سے متفق ہیں۔ مزید آگاہی کیلئے رازداری طریقِ عمل دیکھیے۔منظوررازداری طریق عمل