(کوالالمپور۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 10 جمادی الثانی 1439ھ) ملائیشیاء کی فضائی کمپنی ایئرایشیاء کے ایک ہوائی جہاز کو انجن میں خرابی کے بعد پائلٹ نے ہنگامی طور پرجاپان کے اوکیناوا پریفیکچر کے ناہا شہر کے ہوائی اڈّے پر بحفاظت اُتارلیا۔ جہاز پر سوار 379 مسافروں اور عملے کے تمام ارکان محفوظ رہے اور کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ہیں۔
اطلاعات کیمطابق یہ ہوائی جہاز ٹوکیو کے ہانیدا ہوائی اڈّے سے روانہ ہوکر کوالالمپور جارہا تھا۔ ملائیشیاء کے ذرائع ابلاغ نے جاپان کی وزارتِ نقل وحمل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقامی وقت کیمطابق رات 2 بجکر 15 منٹ پر جہاز کے دائیں انجن نے خرابی کا اشارہ دیا جس کی وجہ سے پائلٹ نے مجبورا متاثرہ انجن کو بند کردیا اور ہنگامی طور پر اُترنے کا اعلان کیا۔ بعد ازاں مقامی وقت کیمطابق رات 3 بجے یہ ہوائی جہاز ناہا ہوائی اڈّے پر بحفاظت اُترگیا۔
ایئر ایشیاء نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ ٹوکیو سے کوالالمپور جانے والی پرواز ڈی7-523 کو تکنیکی خرابی ہوجانے پر اوکیناوا کی طرف موڑدیا گیا۔ بیان میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایک متبادل جہاز کو کوالالمپور سے بھیجا جارہا ہے تاکہ متاثرہ پرواز کے مسافروں کو کوالالمپور لایا جاسکے۔