(ریاض۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 8 فروری 2018) ان اطلاعات کے بعد کہ سعودی عرب نے بھارت کو اسرائیل کیلئے اُسکی قومی فضائی کمپنی کی پروازوں کو سعودی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت دیدی ہے سعودی عرب کی شہری ہوابازی انتظامیہ نے واضح کردیا ہے کہ یہ اطلاعات درست نہیں ہیں اور انہوں نے بھارت اور اسرائیل کے درمیان پروازوں کیلئے سعودی عرب کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت قطعی نہیں دی۔
مملکت سعودی عرب کی شہری ہوابازی انتظامیہ کے ترجمان نے اس معاملے سے متعلق ایک برطانوی خبررساں ادارے کی خبر کی سختی سے تردید کردی ہے اور زور دیکر کہا ہے کہ سعودی عرب کے کسی ادارے نے بھارت کی قومی فضائی کمپنی ایئرانڈیا کی اسرائیل کیلئے پروازوں کو اپنی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی ہے۔
بھارتی فضائی کمپنی چاہتی ہے کہ وہ سعودی فضائی حدود استعمال کرکے اسرائیل کیلئےبراہ راست پروازیں چلائے تاکہ سفر میں کم وقت صرف ہو اور زیادہ مالی فوائد بھی حاصل ہوں۔
ایک اسرائیلی اخبار نے بھی خبر دی تھی کہ بھارتی فضائی کمپنی سعودی عرب کے راستے اسرائیل کیلئے براہ راست پروازیں شروع کرے گی۔ تاہم سعودی حکام کیجانب سے واضح تردید کے بعد یہ خبر بے بنیاد ثابت ہوئی ہے۔