ترکی کے صدر اردوغان ازبکستان اور جنوبی کوریا کے دورے پر

(انقرہ۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 13 شعبان 1439ھ)  ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان آج مورخہ 29 اپریل سے یکم مئی تک ازبکستان اور 2 تا 3 مئی جنوبی کوریا کا سرکاری دورہ کریں گے۔ ترکی کے صدارتی دفتر کیجانب سے جاریکردہ بیان کیمطابق ازبکستان کے سرکاری دورے میں ترک صدر ازبکستان کے اپنے ہم منصب شوکت میرضیوئیف سے ملاقات اور دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مضبوط اور وسیع بنانے پر بات چیت کریں گے۔ صدر اردوغان اِس دورے میں ازبکستان کی اسمبلی سے خطاب اور صدر میرضیوئیف کیساتھ ایک کاروباری اجتماع میں شرکت کریں جس میں دونوں ملکوں کی کاروباری شخصیات بھی حصّہ لیں گی۔

بعد ازاں یکم مئی کو صدر اردوغان ترک-اسلامی تہذیب کے مشہور شہروں میں سے ایک بخارا کا دورہ کریں جو دانشوروں اور مفکّروں کا شہر بھی کہلاتا ہے۔

ترک صدر 2 سے 3 مئی تک جنوبی کوریا کے صدر مُن جے اِن کے دعوت پر اُن کے ملک کا سرکاری دورہ کریں گے۔ ترکی کے صدارتی دفتر کے اعلان کیمطابق اِس دورے کے موقع پر دونوں ملکوں کے صدور علاقائی اور بین الاقوامی اُمور پر تبادلہٴ خیال کریں گے جبکہ صدر اردوغان جنوبی کوریا کی قومی اسمبلی کا دورہ بھی کریں گے جہاں وہ اسمبلی کے اسپیکر اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کریں گے۔

اپنے دورے میں ترک صدر اردوغان جنوبی کوریا کی کاروباری شخصیات اور کمپنیوں کے عہدیداروں سے بھی ملاقات کریں گے۔