(سیئول۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 16 شعبان 1439ھ) ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان دو روزہ سرکاری دورے پر جنوبی کوریا پہنچ گئے ہیں جہاں سیئول کے ایک فضائی اڈّے پر اعلیٰ حکّام نے اُن کا خیرمقدم کیا۔ ترکی کی خاتونِ اوّل امینہ اردوغان بھی اُن کے ہمراہ ہیں۔
ترک صدر اردوغان اُزبکستان کے سرکاری دورے کے بعد جنوبی کوریا کے دورے پر سیئول پہنچے ہیں جہاں اُن کی صدر مُن جے اِن سمیت اعلیٰ جنوبی کوریائی عہدیداروں اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں ہوں گی۔
جنوبی کوریا کے اِ س دورے میں ترک افواج کے سربراہ ہلوسی آکار، وزیرِ خارجہ مولود چاوش اوغلو، وزیرِ انصاف عبداللہ احمد گل، وزیرِ سائنس، صنعت اور ٹیکنالوجی فاروق اوزلُو اور دیگر وزراء کے علاوہ اہم کاروباری شخصیات بھی صدر اردوغان کے ساتھ ہیں۔
اِس دورے میں توقع ہے کہ جنوبی کوریا اور ترکی کے مابین تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری سمیت وسیع اُمور پر بات چیت کی جائیگی۔ جنوبی کوریا کی کمپنیاں اس وقت ترکی میں توانائی سمیت کئی منصوبوں پر کام کررہی ہیں جبکہ تیزی سے نمو پاتی ترک معیشت میں سیئول اب پہلے سے زیادہ دلچسپی لے رہا ہے۔
دوسری جانب، صدر اردوغان کی حکومت ملکی معیشت کے فروغ کیلئے تجارت، زراعت، توانائی، سیاحت اور دفاع سمیت دیگر شعبوں میں تیز رفتار نمو اور خودانحصاری کی پالیسی پر گامزن ہے۔
ہم آپ کا آن لائن تجربہ بہتر بنانے کیلئے کُوکیز استعمال کرتے ہیں۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ڈاٹ کام کی ویب سائٹ کا استعمال جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہماری کُوکیز و رازداری طریقِ عمل پالیسی اور شرائط وضوابط سے متفق ہیں۔ مزید آگاہی کیلئے رازداری طریقِ عمل دیکھیے۔منظوررازداری طریق عمل