ترکی کے صدر اردوغان کا فاتح استنبول سلطان محمد دوئم کے مقبرے کا دورہ

(استنبول۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 16 رمضان 1439ھ) ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے استنبول کے معروف علاقے فاتِح میں فاتحِ استنبول سلطان محمد دوئم کے مقبرے پر بُدھ کے روز حاضری دی جسے نئے سرے سے تعمیر ومرمّت کے بعد بحال کیا گیا ہے۔ یہ مقبرہ معروف اور تاریخی مسجد فاتح جامعی کے ساتھ واقع ہے جو سیاحوں میں بھی ایک مقبول مقام ہے۔

مقبرے کو دوبارہ کھولنے کے موقع پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں وزیرِ سیاحت نعمان کرتملش، استنبول کے گورنر واسپ شاہین، استنبول کے مفتیٴ اعلیٰ حسن کامل یلماز اور دیگر حکّام نے شرکت کی۔ علاقے کے سینکڑوں افراد بھی مقبرے کے باہر احاطے میں موجود تھے جنہوں نے صدر اردوغان کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔

سلطان محمد فاتح کے مقبرے کی نئی تعمیر کے بعد بحالی کے موقع پر تقریب

یاد رہے کہ 565 سال قبل عظیم سپہ سالار سلطان محمد دوئم کے ہاتھوں تاریخی شہر استنبول کی شاندار فتح اور یورپ کی بدترین شکست کے یادگاری دن کے موقع پر اس سال بھی استنبول میں شاندار تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ فتحِ استنبول 29 مئی 1453ء کو ہوئی تھی جب سلطان محمد فاتح نے رومیوں کو تاریخ کی عبرتناک شکست دے کر استنبول فتح کیا تھا۔ اس تاریخی فتح کے بعد سلطان محمد دوئم کو ’’فاتح‘‘ کا خطاب دیا گیا اور اُنہیں سلطان محمد فاتح کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔فتحِ استنبول کے وقت اس شہر کو قسطنطنیہ کہا جاتا تھا۔

یاد رہے کہ عظیم فاتح سلطان محمد نے 1444ء سے 1446ء اور 1451ء سے 1481ء میں اپنے انتقال تک حکمرانی کی تھی۔ سلطان محمد کی قیادت میں فتحِ استنبول کو تاریخ میں یورپ کی بدترین شکست کے طور پر جانا جاتا ہے۔