(بنکاک-اُردونیٹ پوڈکاسٹ 25 شوال 1439ھ) تھائی لینڈ کے شمالی علاقے کی غاروں کے ایک سلسلے میں پھنسے 12 میں سے 4 بچّوں کو غیر ملکی غوطہ خوروں اور تھائی بحریہ کے ارکان نے سیلاب زدہ غار سے بحفاظت نکال لیا ہے۔ تھائی لینڈ کے شمالی صوبے چیانگ رائی میں 10 سے 15 سال کی عمر کے بچّوں پر مشتمل فٹبال ٹیم اور اُن کا 25 سالہ کوچ 23 جُون کو سیر کیلئے علاقے کی مشہور غاروں میں گئے تھے لیکن شدید بارش کی وجہ سے غاروں میں پانی بھرجانے سے وہاں سے نکلنے سے قاصر رہے اور لاپتہ ہوگئے تھے۔
حکّام کیجانب سے اُنہیں ڈھونڈنے کی کوششیں شروع کرنے کے دو دن بعد پر پتہ چلا تھا کہ یہ بچّے غاروں کے سلسلے میں لاپتہ ہوئے ہیں۔ تلاش کی سرتوڑ کوششیں شروع کیے جانے پر لاپتہ ہونے کے 10 دن بعد برطانوی غوطہ خوروں نے ایک غار کی گہرائی میں اُن کا پتہ چلایا اور انکشاف ہوا کہ تمام 12 بچّے اور اُن کا کوچ بھی بخیریت ہیں لیکن غار کے اطراف میں گہرا پانی ہونے کی وجہ سے غار کے اندر ایک اونچی جگہ پر ہیں جہاں سے نکلنا دشوار اور خطرناک ہے۔
ہفتے کی شام کو ان اطلاعات کے بعد کہ علاقے میں شدید بارش متوقع ہے اتوار کی صبح غیرملکی غوطہ خوروں اور تھائی بحریہ کے ماہر ارکان نے ان بچّوں اور اُن کے کوچ کو غار کی گہرائی سے نکالنے کی مشکل اور خطرناک کارروائی کا آغاز کیا۔ رات گئے ملنے والی اطلاعات کیمطابق 4 بچّوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے جبکہ مزید 2 بچّے غار کے اندر ہی محفوظ مقام پر پہنچ چکے ہیں جبکہ بقیہ بچّوں اور کوچ کو نکالنے کیلئے آکسیجن کے سلنڈروں کو دوبارہ بھرا جارہا ہے۔ ان لوگوں کو نکالنے غوطہ خوروں نے انہیں آکسیجن کے ماسک پہنائے ہیں کیونکہ بتایا جاتا ہے کہ غار میں کئی جگہ پر گہرا پانی ہے اور راستے تنگ ہیں۔
دنیا بھر کی نظریں شمالی تھائی لینڈ کی غارمیں پھنسے ہوئے بچّوں کو باہر نکالنے کی کارروائی پر لگی ہوئی ہیں۔ تازہ ترین اطلاعات کیمطابق گزشتہ رات اس کارورائی کو 10 گھنٹوں کیلئے روک دیا گیا ہے تاہم جلدازجلد تما م بچّوں اور اُن کے کوچ کو غار سے باہر نکالنے کیلئے تھائی حکّام اور غیرملکی ماہرین سرتوڑ کوششیں کررہے ہیں۔
ہم آپ کا آن لائن تجربہ بہتر بنانے کیلئے کُوکیز استعمال کرتے ہیں۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ڈاٹ کام کی ویب سائٹ کا استعمال جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہماری کُوکیز و رازداری طریقِ عمل پالیسی اور شرائط وضوابط سے متفق ہیں۔ مزید آگاہی کیلئے رازداری طریقِ عمل دیکھیے۔منظوررازداری طریق عمل