(بنکاک-اُردونیٹ پوڈکاسٹ 26 شوال 1439ھ) شمالی تھائی لینڈ کے چیانگ رائی صوبے میں واقع غاروں کے سیلاب زدہ سلسلے تھام لوانگ نانگنون میں پھنسے 12 بچّوں اور اُن کے فٹبال کوچ میں سے 8 بچّوں کو پیر کے روز تک غار سے نکالا جاچکا تھا جبکہ تھائی حکّام کیمطابق بقیہ 4 بچّوں اور اُن کے کوچ کو باہر نکالنے کیلئے آج منگل کے روز کارروائی کی جائیگی۔
یاد رہے کہ 10 سے 16 سال کی عمر کے تھائی بچّوں پر مشتمل فٹبال ٹیم اور اُن کا 25 سالہ کوچ 23 جُون کو سیر کیلئے مشہور غاروں کے سلسلے میں داخل ہوئے تھے لیکن شدید بارش کے باعث غاروں میں پانی بھرجانے کی وجہ سے وہاں سے نکلنے سے قاصر رہے اور لاپتہ ہوگئے تھے۔ تاہم لاپتہ ہوجانے کے 10 دن بعد غوطہ خوروں کی ایک غیر ملکی ٹیم نے اُن کا کھوج لگایا جس کے بعد ان بچّوں کو غار سے باہر نکالنے کیلئے ممکنہ کارروائیوں کے منصوبوں پر غور کیا گیا۔ یہ بچّے غار کے دہانے سے لگ بھگ 4 کلومیٹر دور ایک گہری غار میں میں اپنے کوچ کیساتھ زندہ پائے گئے۔
غیرملکی غوطہ خوروں اور تھائی بحریہ کے ارکان نے بالآخر بچّوں کو سیلاب زدہ غاروں کے سلسلے سے باہر نکالنے کی کارروائی اتوار کے روز شروع کی اورپہلے دن 4 بچّوں کو بحفاظت باہر نکالنے میں کامیاب رہے۔ یہ بچّے غار میں جانے کے 15 روز بعد باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے۔ بعد ازاں پیر کی صبح بقیہ بچّوں کو غار سے کی کارروائی دوبارہ شروع کی گئی اور پہلے دن کی طرح دوسرے دن بھی 4 بچّوں کو غار سے بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے جو 16 روز غار میں پھنسے رہنے کے بعد باہر آئے۔ اِس طرح اب مجموعی طور پر آٹھ بچّوں کو غار سے نکال لیا گیا ہے۔
تھائی حکّام کا کہنا ہے کہ بقیہ 4 بچّوں اور اُن کے 25 سالہ کوچ کو غار سے باہر نکالنے کیلئے آج منگل کے روز کارروائی کی جائیگی۔ ان بچّوں کو باہر نکالنے کیلئے غوطہ خوروں کے علاوہ بچّے بھی غوطہ خوری کے ماسک اور آکسیجن سلنڈر استعمال کررہے ہیں کیونکہ غار میں اب بھی پانی موجود ہے اور اندر آکسیجن کی کمی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ غار کے اندر پانی سرد ہے جس سے بچاؤ کیلئے بچّوں کو خصوصی لباس پہنائے گئے ہیں۔ اطلاعات کیمطابق امدادی کارکن آکسیجن کے نئے سلنڈر غار کے اندر کئی مقامات پر رکھ رہے ہیں تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں ہر قسم کے انتظامات دستیاب ہوں۔
تھائی بچّوں کو سیلاب زدہ غاروں کے سلسلے سے باہر نکالنے کیلئے کئی ملکوں کے غوطہ خور اور امدادی ٹیمیں کارروائی میں حصّہ لے رہی ہیں۔ آٹھ بچّوں کو بحفاظت باہر نکالے جانے کے بعد اب حکّام اور تھائی عوام کو قوی اُمید ہے کہ بقیہ 4 بچّوں اور اُن کے فٹبال کوچ کو بھی بحفاظت باہر نکال لیا جائے گا۔
ہم آپ کا آن لائن تجربہ بہتر بنانے کیلئے کُوکیز استعمال کرتے ہیں۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ڈاٹ کام کی ویب سائٹ کا استعمال جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہماری کُوکیز و رازداری طریقِ عمل پالیسی اور شرائط وضوابط سے متفق ہیں۔ مزید آگاہی کیلئے رازداری طریقِ عمل دیکھیے۔منظوررازداری طریق عمل