(ماسکو-اُردونیٹ پوڈکاسٹ 9 شوال 1439ھ) جنوبی کوریا کے صدر مُن جے اِن نے کہا ہے کہ جزیرہ نما کوریا میں امن کے قیام کی صورت میں جنوبی کوریا، رُوس اور شمالی کوریا بڑے سہ فریقی بنیادی ڈھانچہ جاتی اور توانائی منصوبے تشکیل دے سکتے ہیں جن میں تینوں ملکوں کو ملانے والی ریلوے لائن بھی شامل ہے۔
رُوسی خبررساں ادارے تاس کو ایک خصوصی انٹرویو کے دوران جناب مُن نے کہا ہے کہ رُوس اور جنوبی کوریا معاشی، انسانی اور ثقافتی شعبوں میں بڑے امکانات رکھتے ہیں اور خطّے میں مستقل امن کے قیام کی صورت میں ہم تعاون میں شمالی کوریا کو بھی شامل کرسکتے ہیں۔
جناب مُن نے ایسے ریلوے منصوبے کا ذکر کیا جس کے ذریعے نہ صرف تینوں ملکوں کے مابین سامان کی نقل وحمل آسان ہوگی بلکہ شمالی کوریا کے ذریعے جنوبی کوریا سے یورپ میں اشیاء پہنچانا بھی سہل ہوجائے گا۔
جنوبی کوریائی صدر نے رُوس سے شمالی کوریا کے راستے ایک گیس پائپ لائن جنوبی کوریا تک بچھانے کے امکان کا بھی ذکر کیاجس کے ذریعے روس کی گیس جاپان تک بھی پہنچائی جاسکتی ہے۔
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریائی رہنماء کِم جونگ اُن کی 12 جُون کو سنگاپور میں منعقدہ سربراہ کانفرنس کے تناظر میں جنوبی کوریا اور رُوس کے علاوہ کئی ممالک خطّے میں تیزی سے بڑھتے ہوئے اقتصادی امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اِسی حوالے سے جنوبی کوریائی صدر مُن کے حالیہ دورہٴ روس کو دونوں ملکوں میں خصوصی اہمیت دی جارہی ہے۔
ہم آپ کا آن لائن تجربہ بہتر بنانے کیلئے کُوکیز استعمال کرتے ہیں۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ڈاٹ کام کی ویب سائٹ کا استعمال جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہماری کُوکیز و رازداری طریقِ عمل پالیسی اور شرائط وضوابط سے متفق ہیں۔ مزید آگاہی کیلئے رازداری طریقِ عمل دیکھیے۔منظوررازداری طریق عمل