(سیئول۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 11شعبان 1439ھ) جنوبی کوریا کے صدر مُن جے اِن اور شمالی کوریا کے رہنماء کِم جونگ اُن نے دونوں ملکوں کی سرحد پر واقع جنگ بندی کے پن مُنجوم گاؤں کے طور پر مشہور مقام پر قائم ’’ایوانِ امن‘‘ اپنی ابتدائی بات چیت میں مزید ملاقاتوں کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
کِم جونگ اُن جمعہ کی صبح ساڑھے نو بجے سرحد پار کرکے جنوبی کوریا کے اِس معروف مقام میں داخل ہوئے جو کہ ایک تاریخ ساز لمحہ تھا۔ جنوبی کوریا کے صدر مُن نے سرحدی حدبندی خط پر اُن کا پُرجوش استقبال کیا۔ بعد ازاں سُرخ قالین پر صدر مُن کے ساتھ چلتے ہوئے کِم نے فوجی سلامی بھی لی جو کہ سیئول کی طرف سے اُن کا غیرمعمولی گرم جوش استقبال ہے۔ کِم نے جنوبی کوریائی صدر کی دعوت پر سرحدی خط پار کرکے جنوبی کوریا کی سرزمین پر قدم رکھا تو جناب مُن نے اِس اُمید کا اظہار کیا کہ ایک دن وہ بھی شمالی کوریائی سرزمین پر قدم رکھ سکیں گے۔ شمالی کوریائی رہنماء نے اُنہیں شمالی سرزمین پر آنے کی دعوت دی۔
