(سینٹ پیٹرزبرگ-اُردونیٹ پوڈکاسٹ 14 شوال 1439ھ) 2014ء کے عالمی فٹبال کپ کا فاتح جرمنی ، گروپ ایف میں جنوبی کوریا کے ہاتھوں صفر-2 سے شکست کے بعد رواں عالمی کپ کے پہلے ہی مرحلے میں ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا ہے۔ جرمنی کی اِس شکست پر جہاں اسٹیڈیم میں موجود اُس کے پرستار پھُوٹ پھُوٹ کر روپڑے وہیں دنیا بھر میں فٹبال کے شائقین بھی میچ کے نتیجے پر ششدر رہ گئے۔
جنوبی کوریا جو اِس میچ سے قبل ہی عالمی فٹبال کپ کے دوسرے مرحلے میں پہنچنے کا امکان کھوچُکا تھا، عالمی کپ میں جرمنی کو شکست دینے والی پہلی ایشیائی ٹیم بن گیا ہے۔
جرمنی اور جنوبی کوریا کا میچ مقررہ 90 منٹ تک برابر رہا تھا لیکن مقابلے میں ضائع ہونے والے وقت کے دوران یعنی 93 ویں منٹ میں جنوبی کوریا کے کِم یان گُوان نے ایک کارنر کِک کے ذریعے گول کردیا۔ لیکن ریفری نے اُنہیں متنازع طور پر آف سائیڈ قراردیا جس کے بعد وڈیو معاون ریفری نے جائزے کے بعد حتمی فیصلہ دیتے ہوئے گول کو درست قراردیا۔
جرمنی کو اگلے مرحلے میں جانے کیلئے لازمی طور پر یہ میچ جیتنا تھا لیکن جنوبی کوریا کے پہلے گول نے اُس کی ٹیم کو بوکھلادیا۔ اِسی کشمکش میں کسی بھی طرح گول کرنے کی کوشش میں ایک موقع پر جرمنی کے گول کیپر مینوئل جنوبی کوریا کے ہاف تک پہنچ گئے تاکہ کسی میچ فوری طور پر برابر ہوسکے۔ وقت کی کمی اور ہارنے کے خوف نے جرمن کھلاڑیوں میں مایوسی پھیلادی تھی جبکہ بار بار کی کوشش کے باوجود گول نہ ہونے سے اُس کے کھلاڑیوں کے چہروں پر حیرت اور تھکن نمایاں ہوتی جارہی تھی۔
96 ویں منٹ میں جب جرمن گول کیپر جنوبی کوریا کے ہاف میں پہنچ گئے تو جنوبی کوریا نے بال ملتے ہی اچانک لمبے شاٹ کے ذریعے اُسے اپنے فارورڈ کھلاڑی کو پہنچادیا جس نے تیزی کیساتھ گول کرکے اپنی ٹیم کو 2 گول کی سبقت دلادی جس نے جرمنی کو حواس باختہ کردیا۔ میچ اور مسلسل دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا خواب دونوں جرمنی کے ہاتھوں سے نکل چکے تھے۔ جرمنی صفر کے مقابلے میں 2 گول سے یہ میچ ہارگیا جبکہ جنوبی کوریا نے تاریخی فتح حاصل کی۔
یاد رہے کہ گروپ اے سے یوراگوئے، رُوس، گروپ بی سے اسپین، پرتگال، گروپ سی سے فرانس، ڈنمارک، گروپ ڈی سے کروشیا، ارجنٹینا، گروپ ای سے برازیل، سوئٹزرلینڈ، گروپ ایف سے سوئیڈن اور میکسیکو اگلے ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچ چکے ہیں جس میں ہارنے والی ہرٹیم عالمی کپ 2018ء سے باہر ہوجائے گی۔
آج گروپ ایچ میں سینیگال کا مقابلہ کولمبیا اور جاپان کا مقابلہ پولینڈ سے ہوگا۔ جاپان کیلئے اگلے مرحلے میں پہنچنے کے امکان قوی ہیں جس کیلئے اُسے کم ازکم میچ برابر پر ختم کرنا ہوگا تاہم جیت کی صورت میں وہ اگلے مرحلے میں لازمی پہنچ جائیگا۔ اِسی طرح سینیگال کے کولمبیا سے میچ برابر پر ختم کرنے کی صورت میں وہ بھی اگلے مرحلے میں پہنچ جائیگا۔ تاہم اگر کولمبیا نے سینیگال کو ہرادیا تو وہ اگلے مرحلے میں پہنچ جائیگا جبکہ سینیگال عالمی کپ سے باہر ہوجائے گا۔
گروپ جی میں انگلینڈ اور بیلجیئم کا مقابلہ بھی آج ہورہا ہے۔ یہ دونوں ٹیمیں اگلے مرحلے میں پہلے ہی پہنچ چکی ہیں کیونکہ اس گروپ میں تیونس اور پاناما اپنے دونوں میچ ہار چکے ہیں۔
ہم آپ کا آن لائن تجربہ بہتر بنانے کیلئے کُوکیز استعمال کرتے ہیں۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ڈاٹ کام کی ویب سائٹ کا استعمال جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہماری کُوکیز و رازداری طریقِ عمل پالیسی اور شرائط وضوابط سے متفق ہیں۔ مزید آگاہی کیلئے رازداری طریقِ عمل دیکھیے۔منظوررازداری طریق عمل