دبئی میں گلفُوڈ 2018ء کا افتتاح ہوگیا، نمائش میں 120 سے زائد ممالک کی اشیاء

(دبئی۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 19 فروری 2018) غذائی اشیاء ومشروبات کی مشہور نمائش گلفُوڈ 2018ء کا دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں اتوار کے روز افتتاح ہوگیا ہے جس میں 120 ممالک کے پویلین ہیں اور غذائی صنعت کے 90 ہزار سے زائد پیشہ ورانہ ماہرین کی شرکت کی توقع ہے۔ گلفُوڈ کی 23 ویں سالانہ نمائش کا افتتاح دبئی کے نائب حکمراں اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خزانہ شیخ حماد بن راشد المکتوم نے کیا۔ یہ نمائش دنیا میں غذائی اشیاء کی سب سے بڑی نمائشوں میں سے ایک ہے۔

حلال غذائی اشیاء اور مشروبات کی عالمی منڈی تیزی سے ترقّی کررہی ہے۔ دنیا بھر میں حلال اشیاء بنانے والی کمپنیاں گلفُوڈ میں اپنی مصنوعات کی نمائش کرتی ہیں جبکہ دنیا بھر سے حلال کی سند جاری کرنے والی تنظیموں کے نمائندے اور ماہرین بھی شرکت کرتے ہیں۔

کئی مسلمان اور غیر مسلمان ممالک میں بھی ہر سال حلال غذائی اشیاء اور مشروبات کی نمائش منعقد ہورہی ہیں جن میں ملائشیاء، انڈونیشیاء، ترکی، تھائی لینڈ، جاپان، جنوبی کوریا اور چین شامل ہیں۔

گلفوڈ 2018ء میں مشروبات، ڈیری مصنوعات، تیل، گوشت، سمندری غذائیں، دالیں اور چاول سمیت ہر قسم کی غذائی اشیاء نمائش کیلئے رکھی گئی ہیں جبکہ غذائی مصنوعات کی پیکینگ اور آلات بھی شامل ہیں۔

متحدہ عرب امارات غذائی تحفظ کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دبئی غذائی اشیاء ومشروبات کی نمائش کا ایک اہم مرکز بن گیا ہے جس میں گلفوڈ نمائش نے اہم کردار ادا کیا ہے۔