(لندن۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 22 جمادی الثانی 1439ھ) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کے دورہٴ برطانیہ کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیاگیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب اور برطانیہ تزویراتی حلیف ہیں۔
شہزادہ محمد بن سلمان برطانیہ کی ملکہ ایلزبتھ دوم کی دعوت پر 6 مارچ کو سہ روزہ دورے پر لندن پہنچے تھے۔ ان کے اس دورے کامقصد دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم کرتے ہوئے تزویراتی شراکت کو مزید گہرا بنانا اور باہمی مفادات اور تزویراتی اہداف کے حصول کے لیے مل کر کوششیں کرنا ہے۔
مشترکہ اعلامیہ کیمطابق سعودی عرب اور برطانیہ خطے میں ایک دوسرے کے تزویراتی شراکتدار ہیں جبکہ مملکتِ برطانیہ سعودی عرب کے تصوّر 2030ء کو ہرممکن مدد اور حمایت فراہم کرنے کا پابند ہے۔ مشترکہ اعلامیے میں صحت، تعلیم، ثقافت، تفریح، تجارت، سرمایہ کاری اور خصوصی شعبہ جات سمیت دیگر میدانوں میں مشترکہ تعاون جاری رکھنے پر زور دیاگیا ہے۔
اِس بیان میں یمن میں جاری کشیدگی اور جنگ کو خلیج تعاون کونسل کے ڈھانچے کے اندر بات چیت کےذریعے ختم کرنے پر بھی اتفاق رائت کے علاوہ مشرق وسطیٰ کےدیرینہ اور حل طلب مسائل کے فوری حل بالخصوص تنازع فلسطین کے دو ریاستی حل سمیت شام، عراق، لیبیا اور لبنان کے تنازعات کے منصفانہ اور پرامن حل پر زور دیا گیا۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے دورے میں ملکہٴ برطانیہ، شہزادہ چارلس، وزیرِاعظم تھریسا مے، وزیرِ خارجہ بورس جانسن، وزیرِ دفاع گیوِن ولیمسن اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کی۔
ہم آپ کا آن لائن تجربہ بہتر بنانے کیلئے کُوکیز استعمال کرتے ہیں۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ڈاٹ کام کی ویب سائٹ کا استعمال جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہماری کُوکیز و رازداری طریقِ عمل پالیسی اور شرائط وضوابط سے متفق ہیں۔ مزید آگاہی کیلئے رازداری طریقِ عمل دیکھیے۔منظوررازداری طریق عمل