سعودی عرب کا یمن سے حوثی باغیوں کے میزائل حملے ناکام بنانے کا دعویٰ

(کراچی۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 9 رجب 1439ھ)  سعودی عرب نے یمن سے حوثی باغیوں کیجانب سے دارالحکومت ریاض سمیت دیگر شہروں پر داغے جانے والے بیلسٹک میزائل حملے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ یہ تشویش بھی بڑھتی جارہی ہے کہ عرب فوجی اتحاد کی کارروائیوں کے باوجود اب تک حوثی باغیوں کی فوجی قوّت کو کیوں اتنا کمزور نہیں کیا جاسکا کہ وہ سعودی عرب پر میزائل حملے نہ کرسکیں۔

سعودی دارالحکومت میں عرب فوجی اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے ایک اخباری کانفرنس میں بتایا ہے کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثی شدت پسندوں نے سعودی عرب پر سات میزائل داغے جن میں سے تین میزائل دارالحکومت ریاض، ایک خمیس مشیط، ایک نجران اور دو جازان کی جانب داغے گئے تھے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ حوثیوں کی طرف سے اِن دشمنانہ میزائل حملوں کے پیچھے ایران کا ہاتھ ہے جو حوثی باغیوں کی مدد کے ذریعے خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

اطلاعات کیمطابق اِن حملوں میں سعودی عرب میں مقیم ایک مصری شہری جاں بحق ہوا ہے تاہم مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

یاد رہے کہ یمن سے حوثی باغی وقفے وقفے کیساتھ سعودی عرب کے کئی شہروں پر میزائل داغتے رہے ہیں۔ سعودی عرب کا کہنا ہے کہ ایران اِن باغیوں کو بیلسٹک میزائلوں سمیت دیگر ہتھیار فراہم کررہا ہے۔