(ریاض-اُردونیٹ پوڈکاسٹ 26 ذوالقعدہ 1439ھ) سعودی عرب نے داخلی معاملات میں مداخلت پر کینیڈا کیخلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے کینیڈا کیلئے سعودی ایئرلائنز کی تمام پروازیں اور تجارت و دیگر لین دین معطل کرنے کے ساتھ ساتھ وہاں زیرِ تعلیم سعودی طلباء کو بھی دوسرے ممالک منتقل کرنے اعلان کیا ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے ملکی معاملات میں بیجا مداخلت پر رواں ہفتے کے اوائل میں کینیڈا کے سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم دیتے ہوئے اوٹاوا سے سعودی سفیر کو بھی مشاورت کیلئے واپس ملک طلب کرلیا جبکہ کینیڈا کیساتھ ہر قسم کے نئے کاروباری معاہدے یا سرمایہ کاری فوری طور پر روک دینے کا اعلان کیا تھا۔
قبل ازیں، کینیڈا کی وزیرخارجہ کرسٹیا فریلینڈ اور ریاض میں کینیڈا کے سفارتخانے کیجانب سے سعودی عرب پر زور دیا گیا تھا کہ وہ گرفتار شُدہ سماجی کارکنان کو فوری طور پر رہا کردے۔ کینیڈا کی وزیرِ خارجہ نے وزارتِ خارجہ اُمور کے اپنے ٹوئیٹر پر اس سلسلے میں بیان جاری کردیا تھا جو سعودی عرب کو سخت ناگوار گزرا اور اُس نے اسے ’’تضحیک‘‘ قراردیا۔
کینیڈا کی وزیرِ خارجہ نے اپنے ٹوئیٹ میں سعودی عرب میں سماجی کارکن رئیف بداوی کی بہن ثمر بداوی کی مبینہ گرفتاری کا حوالہ دیتے ہوئے اُن کی رہائی پر زور دیا تھا۔ ثمر بداوی کو امریکی محکمہٴ خارجہ نے 2012ء میں بین الاقوامی باہمّت خاتون انعام سے نوازا تھا۔
سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ عادل الجبیر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کا ملک کسی دوسرے ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا اور ہم اپنے اندرونی معاملات میں بھی کسی کو دخل اندازی کرنے کی اجازت نہیں دیتے۔اُنہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی سعودی عرب کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرے گا تو اِس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
سعودی عرب کے کینیڈا کیساتھ سرگرم تجارتی تعلقات رہے ہیں تاہم حالیہ پیشرفت کے بعد خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ کینیڈا کی سعودی عرب کیلئے برآمدات شدید متاثر ہونگی۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ریاض کیجانب سے اوٹاوا کیخلاف سخت ترین ردعمل دیگر ملکوں کو واضح پیغام ہے کہ سعودی عرب داخلی معاملات میں بیرونی مداخلت برداشت نہیں کرے گا۔
ہم آپ کا آن لائن تجربہ بہتر بنانے کیلئے کُوکیز استعمال کرتے ہیں۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ڈاٹ کام کی ویب سائٹ کا استعمال جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہماری کُوکیز و رازداری طریقِ عمل پالیسی اور شرائط وضوابط سے متفق ہیں۔ مزید آگاہی کیلئے رازداری طریقِ عمل دیکھیے۔منظوررازداری طریق عمل