(لندن۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 20 جمادی الثانی 1439ھ) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ اور وزیردفاع محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے دورہٴ برطانیہ کے موقع پر لندن میں وزیراعظم تھریسا مے سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی جسمیں باہمی دلچسپی کے اُمور اور مشرقِ وسطیٰ میں سلامتی کی صورتحال پر تبادلہٴ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سعودی ولی عہد شہزادے اور برطانوی وزیراعظم نے سائنسی و تعلیمی تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ برطانوی ذرائع ابلاغ نے توقع ظاہر کی ہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہٴ برطانیہ کے دوران لگ بھگ 100 ارب ڈالر کے کاروباری سمجھوتے طے پائیں گے۔ برطانیہ کیجانب سے یورپی یونین سے نکلنے کے فیصلے کے بعد ملک میں تشویش پائی جاتی ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی ہوسکتی ہے اور بہت سی کثیرالملکی کمپنیاں لندن سمیت برطانیہ کے دیگر شہروں سے اپنے دفاتر اور سرگرمیاں دیگر ملکوں میں منتقل کرسکتی ہیں۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ملکہٴ برطانیہ ایلزبتھ اور شہزادہ چارلس سے بھی ملاقات کی۔ شہزادہ چارلس نے سعودی ولی عہد شہزادے اور اُن کے وفد کے اعزاز میں عشایہ کا اہتمام بھی کیا۔
یورپی یونین سے برطانوی انخلاء کے تناظر میں مقامی کاروباری حلقے کی نظریں سعودی ولی عہد شہزادے محمد بن سلمان پر ہیں جو اپنے ملک کی معیشت کا تیل پر انحصار ختم کرکے اسے ایک جدید اور متحرک معیشت بنانے کیلئے گزشتہ سال ’’تصوّر 2030ء‘‘ پیش کرچکے ہیں جس کے تحت سعودی عرب کو جدید خطوط پر ترقّی دینے کا منصوبہ ہے۔
ہم آپ کا آن لائن تجربہ بہتر بنانے کیلئے کُوکیز استعمال کرتے ہیں۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ڈاٹ کام کی ویب سائٹ کا استعمال جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہماری کُوکیز و رازداری طریقِ عمل پالیسی اور شرائط وضوابط سے متفق ہیں۔ مزید آگاہی کیلئے رازداری طریقِ عمل دیکھیے۔منظوررازداری طریق عمل