سمندری طوفان سے متاثرہ جاپان کا کانسائی ہوائی اڈا ہفتہ بھر بند رہنے کا امکان

(ٹوکیو-اُردونیٹ پوڈکاسٹ 26 ذوالحجہ 1439ھ)  جاپان کے دوسرے بڑے شہر اوساکا کے نزدیک واقع کانسائی بین الاقوامی ہوائی اڈا سمندری طوفانِ بادوباراں سے رن وے اور دیگر تنصیبات کو نقصان پہنچنے کے بعد ہفتہ بھر بند رہنے کا خدشہ ہے جس کے باعث ملکی اور بین الاقوامی پروازیں شدید متاثر ہوگئی ہیں۔

25 سال کے عرصے میں پہلی بار رواں ہفتے منگل کے روز انتہائی شدّت سے آنے والے جیبی نامی سمندری طوفانِ بادوباراں نے مغربی جاپان کے کئی شہروں کو متاثر کیا ہے۔ کانسائی ہوائی اڈّا ساحل سے ہٹ کر سمندرمیں بنائے گئے مصنوعی جزیرے پر قائم ہے۔ اِس اڈّے کا ایک رن وے طوفان کے نتیجے میں آنے والی سمندری لہروں سے ڈوب گیا تھا جبکہ دوسرے رن وے پر بھی پانی آگیا۔ مزید برآں، اس کے ایک ٹرمنل اور کئی دیگر تنصیبات میں پانی بھر گیا جس کی وجہ سے پھنسے ہوئے مسافروں کو بوٹس کے ذریعے محفوظ جگہوں پر پہنچایا گیا۔ منگل کے روز اِس ہوائی اڈّے پر آنے اور جانے والی ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کو منسوخ کردیا گیا تھا جبکہ بُدھ کے روز بھی 200 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں۔

دریں اثناء، جاپان کے وزیراعظم شنزو آبے نے آج جمعرات کے روز نامہ نگاروں کو بتایا ہے کہ کانسائی ہوائی اڈّے سے اندرونِ ملک کی پروازیں جمعے کے روز بحال ہوجائینگی اور بین الاقوامی پروازیں بھی جلد از جلد بحال ہوں گی۔

کانسائی ہوائی اڈّا جاپان کے اہم ترین ہوائی اڈّوں میں سے ایک اور مغربی جاپان کے کانسائی علاقے کیلئے فضائی نقل وحمل کا مرکز ہے۔ اِس علاقے میں جاپان کا دوسرا سب سے بڑا شہر اوساکا، قدیم دارالحکومت و سیاحتی مرکز کیوتو اور ہیوگو پریفیکچر واقع ہیں۔

ایک اندازے کیمطابق ہر روز لگ بھگ 80 ہزار مسافر کانسائی ہوائی اڈّے کو استعمال کرتے ہیں جن میں غیرملکیوں کی بڑی تعداد بھی شامل ہے۔ اطلاعات کیمطابق آل نپّون ایئرویز کمپنی نے کانسائی ہوائی اڈّے پر آنے اور وہاں سے جانے والی پروازوں کے ٹکٹ کی فروخت آئندہ منگل کے روز تک روک دی ہے۔ باور کیا جارہا ہے کہ کانسائی بین الاقوامی ہوائی اڈّا عارضی طور پر بند ہوجانے سے جاپانی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں کیونکہ یہ ہوائی اڈّا مغربی جاپان میں اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازوں کے فضائی مسافروں اور سیاحوں کو لانے لےجانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔