(کوالالمپور۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 19 شعبان 1439ھ) فضائی سفر سے متعلقہ معلومات فراہم کرنے والی ایک کمپنی کے حالیہ جائزہ سے پتہ چلا ہے کہ سنگاپُوراور ملائیشیاء کے دارالحکومت کوالالمپور کا فضائی راستہ دنیا کا مصروف ترین بین الاقوامی فضائی راستہ ہے۔ ان دونوں شہروں کے درمیان فروری تک کے ایک سال کے عرصے میں 30 ہزار 500 سے زیادہ پروازوں نے سفر کیا۔
ملائیشیاء کے ذرائع ابلاغ نے برطانیہ میں قائم کمپنی او اے جی کے اعدادوشمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ سنگاپور اور کوالالمپور کے درمیان یومیہ 84 پروازوں کا آانا جانا ہوا جہاں کیلئے سنگاپور ایئرلائنز، ملائیشیاء ایئرلائنز اور ایئرایشیاء جیسی فضائی کمپنیوں سمیت دنیا کی دیگر فضائی کمپنیاں بھی پروازیں چلاتی ہیں۔
دنیا کے 20 مصروف ترین فضائی راستوں میں سے 14 ایشیاء میں ہیں جس سے پتہ چلتا ہے کہ فضائی سفر کے شعبے میں ایشیاء نہ صرف مصروف ہے بلکہ تیزی سے ترقّی کررہا ہے۔
دنیا کا دوسرا مصروف ترین فضائی راستہ ہانگ کانگ اور تائیوان کے مرکزی شہر تائپے کے درمیان ہے جہاں فروری تک کے ایک سال کے دوران 28 ہزار 887 پروازوں نے سفر کیا جبکہ تیسرا مصروف ترین فضائی راستہ جکارتہ اور سنگاپور کے درمیان ہے جہاں سے مذکورہ دورانیے میں 27 ہزار 304 پروازوں نے سفر کیا۔
بتایا گیا ہے کہ دنیا کے مصروف ترین فضائی راستوں میں سے دو یورپ میں، دو شمالی امریکہ، ایک شمالی امریکہ اور یورپ کے درمیان جبکہ ایک مشرقِ وسطیٰ میں ہے۔ یاد رہے کہ دنیا کے مشہور ترین ہوائی اڈّوں میں دبئی، کوالالمپور، سنگاپور، استنبول اور لندن کے ہوائی اڈّے شامل ہیں۔
ہم آپ کا آن لائن تجربہ بہتر بنانے کیلئے کُوکیز استعمال کرتے ہیں۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ڈاٹ کام کی ویب سائٹ کا استعمال جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہماری کُوکیز و رازداری طریقِ عمل پالیسی اور شرائط وضوابط سے متفق ہیں۔ مزید آگاہی کیلئے رازداری طریقِ عمل دیکھیے۔منظوررازداری طریق عمل