(دمشق۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 10 فروری 2018) شام کی فوج کا کہنا ہے کہ اُ س نے مقبول صحرائی شہر تدمُر کے نزدیک ایک اڈّے پر جارحیت کا ارتکاب کرنے والے دو اسرائیلی جنگی طیاروں کو نشانہ بنایا جن میں سے ایک طیارہ گرایا مارگرایا ہے۔
شام کے سرکاری خبررساں ادارے پر جاری ہونے والے فوج کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ہمارے فضائی دفاع نے اسرائیلی طیاروں کو مصروف کیا اور اُن میں سے ایک کو مقبوضہ علاقے میں مار گرایا ہے جبکہ دوسرے طیارے کو بھی نشانہ بنایا اور دیگر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔
اس سے پہلے اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ اُ س نے شب بھر شام پر کئی فضائی حملے کیے لیکن شامی فوج کی طرف سے چلائے جانے والے زمین سے فضا میں مارکرنے والے میزائلوں میں سے ایک اسرائیلی طیارے کو لگا۔
اطلاعات کیمطابق اسرائیل کا تباہ ہونے والا طیارہ ایف 16 ہے۔ اسرائیلی فوج کا یہ کہتے ہوئے حوالہ دیا گیا ہے کہ طیارے کے دونوں ہواباز نکلنے میں کامیاب ہوگئے اور ہسپتال میں ہیں۔
اس واقعے کے دوران شمالی اسرائیل کے علاقوں میں خطرے کے سائرن بجنے کی اطلاعات بھی ہیں۔ اسرائیل نے گزشتہ کئی ماہ سے تواتر کیساتھ شام کے اندر کئی فضائی حملے کیے ہیں۔ اسرائیلی طیارہ مارگرانے سے پتہ چلتا ہے کہ شامی افواج کے پاس جنگی طیاروں کو موثر انداز میں نشانہ بنانے کی صلاحیت آگئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایران ساختہ ڈرون اسرائیل کے نزدیک واقع شامی علاقوں سے اُڑان بھررہے ہیں اور کئی بار اُن علاقوں میں داخل ہوئے ہیں جن پر اسرائیلی قبضہ ہے۔