شمالی کوریائی سازندوں کے طائفے کا جنوبی کوریا میں فن کا مظاہرہ

(سیئول۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 9 فروری 2018)  جنوبی کوریا میں پیونگ چانگ سرمائی اولمپک کھیلوں سے قبل شمالی کوریا کے سازندوں کے طائفے سمجیون نے جمعرات کے روز گنگنیُونگ شہر کے آرٹ سینٹر میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ اس محفلِ موسیقی سے لطف اندوز ہونے کیلئے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے خاتون موسیقاروں کو بھرپور داد تحسین پیش کی۔

شمالی کوریائی گلوکاراؤں نے دونوں کوریاؤں کے علاوہ مغربی نغمے بھی گائے۔  اس موقع پر بعض شائقین اسٹیج پر پہنچ گئے اور شمالی کوریائی فنکاروں سے ہاتھ ملائے۔

اس محفل میں شرکت کیلئے شائقین میں سے 900 سے زائد لوگوں کا انتخاب بذریعہ لاٹری کیا گیا جبکہ 560 اُن خاندانوں کے ارکان تھے جو 1950-53 کی کوریائی جنگ میں جدا ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ شمالی کوریا کیجانب سے ایٹمی اور میزائل تجربات کے بعد خطّے کی صورتحال میں سخت کشیدگی تھی لیکن پیانگ یانگ نے جنوبی کوریا میں 9 فروری سے شروع ہونے والے پیونگ چانگ سرمائی اولمپک کھیلوں میں شرکت کا اعلان کرکے صورتحال کو ڈرامائی انداز میں تبدیل کیا۔

جنوبی کوریا کے صدر مُن جے اِن شمالی کوریا سے بات چیت کے حامی ہیں اور اسی تناظر میں دونوں کوریا ایک بار پھر کھیلوں میں مشترکہ طور پر ایک ہی جھنڈے تلے حصہ لیں گے۔

شمالی کوریا نے کھلاڑیوں کے علاوہ اپنے سازندوں کے مشہور گروپ کو بھی جنوبی کوریا بھیجا ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ پیونگ چانگ سرمائی اولمپک کھیلوں میں شمالی کوریا کی شرکت سے دونوں کوریاؤں کے مابین سفارتی تعلقات کی مکمل بحالی میں مدد ملے گی۔

شمالی کوریا نے اپنے قائد کم جونگ اُن کی چھوٹی بہن کو بھی جنوبی کوریا بھیجنے کا اعلان کیا ہے ۔ امکان ہے کہ وہ جنوبی کوریائی صدر سے ملاقات بھی کریں گی۔ سفارتی حلقے اس متوقع ملاقات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔