(سیئول۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 4 شعبان 1439ھ) جنوبی کوریا کے صدر مُن جے اِن نے کہا ہے کہ شمالی کوریا ایٹمی ہتھیار مکمل طور پر ترک کردینے کا ارادہ رکھتا ہے اور وہ جنوبی کوریا سے امریکی فوج کے انخلاء جیسی ایسی کوئی شرط عائد نہیں کررہا جو امریکہ قبول نہ کرسکتا ہو۔
پہلی مرتبہ کسی ملک کے سربراہ کی سطح پر یہ بات کہی گئی ہے کہ پیانگ یانگ اپنے ایٹمی ہتھیار ترک کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ صدر مُن جے اِن نے جنوبی کوریائی ذرائع ابلاغ کے اداروں کے سربراہان کیساتھ ظہرانے میں یہ انکشاف کیا کہ شمالی کوریا اپنے ایٹمی ہتھیار ترک کرنے کیلئے جنوبی کوریا سے امریکی افواج کے انخلاء جیسی کوئی شرط نہیں رکھ رہا۔ امریکہ میں یہ تشویش پائی جاتی ہے کہ اگر کِم جونگ اُن نے ایٹمی منصوبے کے مکمل خاتمے کو جنوبی کوریا سے امریکی افواج کے انخلاء سے مشروط کردیا تو یہ مطالبہ صدر ٹرمپ کیلئے قابلِ قبول نہیں ہوگا جس کے نتیجے میں کِم-ٹرمپ سربراہ ملاقات ناکام بھی ہوسکتی ہے۔
لیکن یہ اَمر بھی قابلِ غور ہے کہ شمالی کوریا نے ابھی تک سرکاری سطح پر ایسا کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے کہ وہ امریکہ، جنوبی کوریا اور جاپان کیجانب سے اِس مطالبے کو غیر مشروط طور پر قبول کرے گا کہ ایٹمی منصوبہ مکمل، قابلِ تصدیق اور ناقابلِ واپسی انداز میں ختم کیا جائے۔
جنوبی کوریائی ذرائع ابلاغ نے جمعہ کے روز صدر مُن کے بیان کو بڑی شہ سُرخیوں کیساتھ شائع کیا ہے۔ صدر مُن نے یہ خبردار بھی کیا ہے کہ ’’جوہری ہتھیاروں اور صلاحیت کے خاتمے کے مخصوص طریقوں کو تلاش کرنے میں مشکلات ہیں‘‘۔ اِس سے عندیہ ملتا ہے کہ پیانگ یانگ اپنے ایٹمی ہتھیاروں کے خاتمے پر متفق تو ہوسکتا ہے لیکن اس کیلئے ممکنہ طور پر کئی کڑی شرائط بھی رکھ سکتا ہے جیسا کہ سلامتی کی ٹھوس ضمانت اور جوہری منصوبہ روک دینے سے پہلے اقتصادی پابندیوں کا خاتمہ وغیرہ۔
جنوبی کوریا اور شمالی کوریا کے مابین 27 اپریل کو سربراہ ملاقات ہونے والی ہے۔ اب بین الاقوامی ذرائع ابلاغ اور کئی دارالحکومتوں کی نظریں اِس بات پر جمی ہوئی ہیں کہ صدر مُن اور جنوبی کوریائی رہنماء کِم جونگ اُن دونوں کوریاؤں کے مابین تعلقات کو کس حد تک اور کس انداز میں آگے لے جانے پر متفق ہوں گے۔اِس سربراہ ملاقات کی کامیابی یہ بھی طے کرے گی امریکہ-شمالی کوریا سربراہ ملاقات سے کس حد تک یہ اُمید کی جاسکتی کہ جزیرہ نما کوریا ایٹمی ہتھیاروں سے پاک ہوگا۔
ہم آپ کا آن لائن تجربہ بہتر بنانے کیلئے کُوکیز استعمال کرتے ہیں۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ڈاٹ کام کی ویب سائٹ کا استعمال جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہماری کُوکیز و رازداری طریقِ عمل پالیسی اور شرائط وضوابط سے متفق ہیں۔ مزید آگاہی کیلئے رازداری طریقِ عمل دیکھیے۔منظوررازداری طریق عمل