شمالی کوریا کا بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کی تیاری معطل کرنے کا مشروط وعدہ: ذرائع

(سیئول۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 21 جمادی الثانی 1439ھ) جنوبی کوریا کے ذرائع ابلاغ نے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے رہنماء کِم جونگ اُن نے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کی تیاری معطل کرنے کا مشروط وعدہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا انحصار امریکی رویّے پر ہے۔

دریں اثناء، جنوبی کوریا کی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ چھُنگ ایوئی اور قومی خفیہ ادارے کے سربراہ سُوہون جمعرات کے روز سیئول سے واشنگٹن روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شمالی کوریائی رہنماء کِم جونگ اُن سے اپنی حالیہ ملاقات کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کریں گے جو پیر کے روز پیانگ یانگ میں ہوئی تھی۔

جنوبی کوریائی ذرائع ابلاغ نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ کِم نے شمالی کوریا میں حراست میں لیے گئے تین امریکی شہریوں کی رہائی کی پیشکش بھی کی ہے۔ اطلاعات کیمطابق جنوبی کوریائی ایلچی، شمالی کوریائی رہنماء کا امریکی صدر کیلئے ایک پیغام بھی لے کر گئے ہیں تاہم اس کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔

جنوبی کوریا میں منعقدہ پیونگ چانگ سرمائی اولمپکس وپیرالمپکس کے موقع پر دونوں کوریاؤں کے مابین براہِ راست رابطوں اور بات چیت کے بعد شمالی کوریا کے جوہری اور بیلسٹک میزائل منصوبوں پر سفارتی تیزی آگئی ہے۔ جنوبی کوریائی صدر مُن جے اِن نے پیانگ یانگ کیساتھ بات چیت کی اہمیت پر مسلسل زور دیا ہے اور وہ اگلے ماہ شمالی کوریائی رہنماء کِم سے سربراہ ملاقات بھی کریں گے تاکہ جزیرہ نُما کوریا کو ایٹمی اسلحے سے پاک کرنے کیلئے بات چیت کے ذریعے حل نکالا جائے۔

تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ امریکہ اور شمالی کوریا مذاکرات کی میز پر کب آئیں گے لیکن دونوں کوریاؤں کے مابین ہونے والے رابطوں اور بات چیت نے جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی کو کسی حد تک کم کردیا ہے۔