شہباز شریف پاکستان کی حکمراں جماعت مُسلم لیگ(ن) کے بلامقابلہ صدر منتخب

(اسلام آباد۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 26 جمادی الثانی 1439ھ)  پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ اور سابق وزیرِ اعظم نوازشریف کے بھائی شہباز شریف حکمراں مُسلم لیگ (ن) کے بلامقابلہ صدر منتتخب ہوگئے ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان کی عدالتِ عظمیٰ نے سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کو انتخابی اصلاحات کے مقدمے میں 21 فروری کو مسلم لیگ (ن) کی صدارت کیلئے بھی نااہل قراردیدیا تھا۔

مُسلم لیگ ن کے باضابطہ صدر منتخب ہونے کے موقع پر اپنی جماعت کی مرکزی عمومی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ میرے لیے یہ اہم اور مشکل لمحہ ہے کہ مجھے مسلم لیگ (ن) کا صدر منتخب کیا گیا ہے کیونکہ مجھے ایک ایسے منصب پر کام کرنے کے لیے کہا جارہا ہے جس سے 30 برس تک میں نے رہنمائی حاصل کی۔

اُنہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پارٹی کا کوئی بھی رکن نواز شریف کی جگہ لینے کا تصور نہیں کرسکتا، وہ کل بھی ہمارے قائد تھے، آج بھی ہیں اور کل بھی رہیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ کارکنان ہماری جماعت کا سرمایہ ہیں اُنہوں نے قربانیاں دے کر قائد اور جماعت سے وفاداری کا ثبوت دیا ہے اور میں ان کارکنوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

اِس موقع پر سابق وزیراعظم نواز شریف جنہیں اب حکمراں جماعت کا تاحیات قائد بنادیا گیا ہے، اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے یہ صورتحال پیدا کردی گئی اور ہمیں نیا پارٹی سربراہ منتخب کرنا پڑا۔ اُنہوں نے باور کروایا کہ 2013ء میں عوام نے اُنہیں کروڑوں ووٹ دے کر منتخب کیا اور پاکستان کا وزیر اعظم بنایا۔ اپنے کارناموں کا ذکر کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ یہ ممکن نہیں ہے کہ 4 سالوں میں لوڈشیڈنگ ختم کردی جائے، دنیا بھر میں ایسی مثال نہیں ملتی لیکن ہم نے دن رات محنت کرکے لوڈشیڈنگ کو ختم کرنے کی کوشش کی۔

سابق وزیرِاعظم پاکستان نواز شریف کے بھائی اور پنجاب کے وزیراعلیٰ کو شہباز شریف کو حکمراں مُسلم لیگ (ن) کا بلامقابلہ صدر منتخب کرنے پر بعض تجزیہ کاروں نے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ شریف خاندان کے گِرد گھوم رہی ہے اور ایک کے بعد دوسرے بھائی کو صدر بنایا جانا واضح کرتا ہے کہ اس جماعت کی سیاست کا محور جمہوریت نہیں بلکہ شریف خاندان ہے۔