صدر ٹرمپ نے کِم جونگ اُن کو ذہین اور سخت مذاکرات کار قراردیدیا

(سنگاپور۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 28 رمضان 1439ھ)  امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنماء چیئرمین کِم جونگ اُن سے ملاقات کے بعد ایک اخباری کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’کِم جونگ اُن بہت ذہین ہیں‘‘ اور عندیہ دیا ہے کہ وہ اُنہیں وہائٹ ہاؤس آنے کی دعوت دیں گے۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رہنماء کِم نے 12 جُون منگل کے روز سنگاپور کے سینتوسا جزیرے پر قائم پُرتعیش ہوٹل کاپیلا میں اپنی پہلی سربراہ ملاقات کی جو کہ کسی بھی برسرِ اقتدار امریکی صدر اور شمالی کوریائی رہنماء کے مابین پہلی ملاقات تھی۔

اخباری کانفرنس میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’’کِم جونگ اُن ذہین اور سخت مذاکرات کار ہیں، میں نے محسوس کیا کہ وہ بہت باصلاحیت ہیں اور اپنے ملک سے بیحد محبّت کرتے ہیں‘‘۔

منگل کے روز صدر ٹرمپ اور کِم عالمی ذرائع ابلاغ کی توجہ کا مرکز رہے۔ دنیا بھر میں اس سربراہ ملاقات کی خبروں کو ذرائع ابلاغ نے مصروف ترین اوقات میں دکھایا جبکہ اخبارات نے تیزی کیساتھ خبریں اور سربراہ ملاقات کی تصاویر جاری کیں۔

جنوبی کوریا کے بعض تجزیہ کاروں کیمطابق اس سربراہ ملاقات سے کِم جونگ اُن کی عالمی شبیہ یکسر تبدیل ہوگئی ہے جو شمالی کوریا کی قابلِ ذکر کامیابی ہے۔ حال ہی میں امریکی صدر ٹرمپ نے کِم جونگ اُن کو ’’راکٹ مین‘‘ جبکہ کِم جونگ اُن نے ٹرمپ کو ’’خبطی‘‘ قراردیا تھا۔ لیکن سربراہ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی کا مظاہرہ کیا۔