(واشنگٹن۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 24 رمضان 1439ھ) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وہائٹ ہاؤس میں ایک افطار عشائیے کا اہتمام کیا جس میں واشنگٹن میں اسلامی ممالک کے سفراء نے شرکت کی۔ صدر ٹرمپ نے جو کہ اقتدار میں آنے سے قبل ہی اسلام اور مسلمانوں کیخلاف اشتعال انگیز بیانات کی وجہ سے نہ صرف امریکہ کے مسلمانوں بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں میں ناپسندیدہ نظروں سے دیکھے جاتے ہیں، گزشتہ سال افطار عشائیے کا اہتمام نہیں کیا تھا۔ امریکی صدر یا وہائٹ ہاؤس نے یہ نہیں بتایا کہ اس سال اُن کی طرف سے افطار عشائیے کے اہتمام کی وجہ کیا تھی۔
وہائٹ ہاؤس میں کلنٹن انتظامیہ کے دور سےافطار عشائیے کا اہتمام شروع ہوا تھا لیکن گزشتہ سال کوئی وجہ بتائے بغیر صدر ٹرمپ نے وہائٹ ہاؤس میں اس روایتی دعوت کے اہتمام سے گریز کیا تھا۔ بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ نے امریکہ کی یہودی لابی کو خوش رکھنے اور مسلمانوں کو یہ پیغام دینے کیلئے افطار عشائیے کے اہتمام کو نظر انداز کیا تھا کہ وہ اسرائیل کے گہرے دوست ہیں اور مسلمانوں سے کسی قسم کا نرم رویہ نہیں رکھیں گے۔
اِسی تناظر میں اطلاعات کیمطابق امریکہ کی مسلمان تنظیموں، مساجد کے امام اور معروف شخصیات نے صدر ٹرمپ کے افطار عشائیے میں شرکت سے معذوری کردی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا صدر ٹرمپ کا فیصلہ اور اُن کے حمایت یافتہ اسرائیل کیجانب سے فلسطینیوں کے حالیہ قتل بھی امریکہ کی مسلمان شخصیات کی طرف سے دعوتِ افطارعشائیہ میں عدم شرکت کی ایک بڑی وجہ تھی۔
باور کیا جاتا ہے کہ صدر ٹرمپ نے اسلامی دنیا میں امریکہ کی تیزی سے گرتی ہوئی شہرت اور خود اپنی عدم مقبولیت کی وجہ سے افطار عشائیے کا اہتمام کیا لیکن اس تقریب میں مقامی مسلمان رہنماؤں اور علمی شخصیات کی عدم شرکت سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ مسلمان صدر ٹرمپ کے اسلام مخالف رویے اور اشتعال انگیز بیانات کو نظر انداز نہیں کرسکتے۔
افطار عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’’آج شام کے اس اجتماع میں ہم دنیا کے عظیم مذاہب میں سے ایک کی مقدس روایت کے احترام میں تواضع کررہے ہیں، اسلامی عقیدے کیمطابق افطار عشائیہ روزے کے یومیہ دورانیے کا اختتام ہوتا ہے‘‘۔
اُنہوں نے اپنے خطاب میں امریکہ کے اتحادی اسلامی ملکوں اور شراکتداروں کا ذکر اور تقریب کے شرکاء سے اظہارِتشکّر بھی کیا۔ صدر ٹرمپ جنہوں نے بعض اسلامی ملکوں کے شہریوں کے امریکہ میں داخلے پر پابندی عائد کررکھی ہے، تقریب کے مسلمان شُرکاء سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد بھی دی۔