(ماسکو-اُردونیٹ پوڈکاسٹ 9 شوال 1439ھ) روس میں جاری عالمی فٹبال کپ 2018ء کے اہم میچوں میں برازیل نے کوسٹاریکا کو صفر کے مقابلے میں 2 اور نائیجیریا نے آئس لینڈ کو صفر کے مقابلے میں 2 گول سے ہرادیا ہے۔ گروپ ای کے اہم میچ میں برازیل اور کوسٹاریکا مقررہ 90 منٹ میں کوئی گول نہ کرسکے تھے۔ میچ کے پہلے اور دوسرے دورانیے میں بھی برازیل کو گول کرنے کے کئی مواقعے ملے لیکن اُسے کامیابی نہ مل سکی۔ تاہم جنوبی امریکہ کی اس ٹیم نے کوسٹاریکا پر حملے جاری رکھے۔
میچ کے مقررہ 90 منٹ کے بعد انجری ٹائم کے پہلے منٹ میں ہی برازیل کے کوتینو نے پہلا گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلوادی۔ اس کے بعد بھی برازیل نے اپنا جارحانہ کھیل جاری رکھا اور کوسٹاریکا کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔ بعد ازاں انجری وقت کے ساتویں منٹ میں برازیل کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی نیمار نے ایک خوبصورت گول کرکے اپنی ٹیم کو دو گول کی برتری دلوادی اور اس طرح برازیل یہ میچ جیت گیا۔
گروپ ڈی کے اہم میچ میں نائیجیریا نے آئس لینڈ کو صفر کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دیکر اہم کامیابی حاصل کرلی ہے۔ اس میچ کے پہلے نصف دورانیے میں دونوں ٹیمیں نے گول کرنے کی کئی کوششیں کیں لیکن اُنہیں کامیابی حاصل نہ ہوسکی۔
نائیجیریا نے کھیل کے دوسرے دورانیے کے آغاز ہی سے دفاع میں جانے کے بجائے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے آئس لینڈ کیخلاف کئی حملے کیے اور اُسے 49 ویں منٹ میں اُس وقت پہلی کامیابی حاصل ہوئی جب اُس کے نامور فارورڈ احمد موسیٰ نے ایک خوبصورت گول کرکے اپنی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں ایک گول کی برتری دلادی۔
وقفے کے بعد نائیجیریا نے پہلے دورانیے سے بھی زیادہ تیز اور جارحانہ کھیل پیش کرکے آئس لینڈ کو اُلجھن میں مبتلا کردیا جسے میچ ختم ہونے سے 10 منٹ پہلے ایک پنالٹی بھی ملی لیکن وہ گول کرنے میں ناکام رہا۔ کھیل کے 75ویں منٹ میں نائیجیریا کے احمد موسیٰ نے ایک اور خوبصورت گول کرکے اپنی ٹیم کو دو گول سے برتری دلادی اور اسی اسکور پر میچ کا اختتام ہوا۔
اب نائیجیریا کا اگلا مقابلہ منگل کے روز 26 جُون کو ارجنٹینا سے ہوگا جسے اس عالمی کپ میں اپنی بقاء کی جنگ لڑنی ہے۔ اُسے عالمی فٹبال کپ کے اگلے مرحلے میں پہنچنے کیلئے نائیجیریا کو بڑے فرق سے شکست دینی ہوگی لیکن ابھی یہ بات یقینی نہیں ہے کہ میچ جیتنے کی صورت میں بھی ارجنٹینا اگلے مرحلے میں پہنچ پائے گا یا نہیں۔ ارجنٹینا کے اگلے مرحلے میں پہنچنے کیلئے ضروری ہے کہ وہ نائیجیریا سے اپنا اگلا میچ لازمی جیتے اور کروشیا اپنے اگلے میچ میں آئس لینڈ کو ہرائے یا ان دونوں ٹیموں کا میچ برابر پر ختم ہو۔
دنیا بھر کے فٹبال شائقین کی نظریں اب ارجنٹینا اور نائیجیریا کے میچ پر مرکوز ہوں گی۔ ارجنٹینا 1978ء اور 1986ء کے فیفا عالمی فٹبال کپ کا فاتح رہ چکا ہے جبکہ وہ تین مرتبہ دوسرے نمبر پر رہا تھا۔ 2014ء کے عالمی فٹبال کپ میں ارجنٹینا دوسرے نمبر پر رہا جب جرمنی فاتح بنا تھا۔
ہم آپ کا آن لائن تجربہ بہتر بنانے کیلئے کُوکیز استعمال کرتے ہیں۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ڈاٹ کام کی ویب سائٹ کا استعمال جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہماری کُوکیز و رازداری طریقِ عمل پالیسی اور شرائط وضوابط سے متفق ہیں۔ مزید آگاہی کیلئے رازداری طریقِ عمل دیکھیے۔منظوررازداری طریق عمل