عالمی فٹبال کپ، کروشیا انگلینڈ کو ہراکر فائنل میں پہنچ گیا، حتمی مقابلہ فرانس سے ہوگا

(ماسکو-اُردونیٹ پوڈکاسٹ 28 شوال 1439ھ) عالمی فٹبال کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں کروشیا اپنے مضبوط حریف انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دیکر فائنل میں پہنچ گیا ہے جہاں اُس کا مقابلہ فرانس سے ہوگا۔ انگلینڈ جسے کروشیا کے مقابلے میں بہت مضبوط اور منظم ٹیم سمجھاجارہا تھا کئی کوششوں کے باوجود کروشیا کے مضبوط دفاع کی وجہ سے جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔ ماسکو کے لزنِکی اسٹیڈیم میں کروشیا کی ٹیم نے دفاع اور جارحانہ دونوں انداز کے کھیل کا زبردست مظاہرہ کیا۔

ماسکو میں بُدھ کے روز کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے میچ کے پہلے دورانیے کے پانچویں منٹ میں گول کرکے کروشیا پر برتری حاصل کرلی تھی ۔ لیکن دوسرے دورانیے اور کھیل کے 68 ویں منٹ میں کروشیا کے ایوان پریشچ نے ایک خوبصورت گول کرکے میچ ایک ایک گول سے برابر کرکے اپنی ٹیم کے حوصلے بڑھادیے۔ کروشیا کے جارحانہ کھیل نے انگلینڈ کو دفاع پر مجبور کردیا۔

میچ کے مقررہ وقت میں مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا جس کے بعد اضافی وقت کے دوسرے دورانیے میں کروشیا نے ایک بھرپور حملہ کیا اور اُس  کےکھلاڑی  ماریو ماند زوکچ نےایک پاس پر خوبصورت اور فیصلہ کُن گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی۔ اس کے بعدایسا  لگتا تھا کہ انگلینڈ کے کھلاڑی  ہمّت ہار بیٹھے ہیں۔ اُنہوں نے آگے بڑھ کر گول کرنے کی کوشش تو کی لیکن کروشیا کے دفاعی کھلاڑیوں نے اُنہیں گول کرنے کا کوئی موقع نہ دیا۔

میچ کا وقت ختم ہونے کی سیٹی بجتے ہی کروشیا کے کھلاڑی اور اسٹیڈیم میں موجود اُن کے پرستار خوشی سے دیوانے ہوگئے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم اور اُن کے پرستار سکتے میں آچکے تھے۔ اُنہیں یقین نہیں آرہا تھا کہ وہ میچ ہار چکے ہیں۔ انگلینڈ کے کپتان ہیری کین اور کوچ ساؤتھ گیٹ کافی افسردہ اور مایوس نظر آئے۔ کروشیا پہلی مرتبہ عالمی فٹبال کپ کے فائنل میں پہنچا ہے جبکہ انگلینڈ 28 سال کے بعد پہلی مرتبہ عالمی فٹبال کپ کے سیمی فائنل میں پہنچا تھا لیکن اس مرتبہ بھی فائنل میں پہنچنے میں ناکام رہا۔