(اسلام آباد۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 28 شعبان 1439ھ) اگلے ماہ 14 جُون سے روس میں شروع ہونے والے اکیسویں فیفا عالمی فٹبال کپ میں پاکستان ساختہ فٹبال گیندیں استعمال ہوں گی۔ پاکستان جو کہ کھیلوں کا انتہائی اعلیٰ معیار کا سامان بنانے کی شہرت رکھتا ہے اُسی نے رواں سال کے عالمی فٹبال کپ کیلئے ’’ٹیل اسٹار‘‘ نامی فٹبال تیار کی ہے۔
فٹبال کے عالمی ادارے فیفا کو اڈیڈاز نامی کمپنی فٹبال فراہم کرتی ہے جو اِس سال پاکستان کے معروف شہر سیالکوٹ کی کمپنی ’’فارورڈ اسپورٹس‘‘ کی تیارکردہ فٹبال فیفا کو فراہم کررہی ہے۔ یاد رہے کہ برزایل میں منعقدہ 2014ء کے فیفا عالمی کپ کیلئے بھی اسی پاکستانی کمپنی نے ’’بروزوکا‘‘ نامی فٹبال گیندیں فراہم کی تھیں۔
پاکستان کے کئی شہروں میں فٹبال خاصا مقبول کھیل ہے لیکن حکومت کیجانب سے عدم توجہی کی وجہ سے ابھی تک پاکستان اس کھیل میں مہارت اور شہرت حاصل نہیں کرسکا ہے۔ تاہم ملک میں فٹبال کے لاکھوں شائقین ہیں جو اس سال کے عالمی فٹبال کپ میں نہ صرف فٹبال کے ممتاز عالمی کھلاڑیوں بلکہ پاکستان ساختہ فٹبال کو بھی روس میں ہونے والےعالمی فٹبال کپ کے میدانوں میں دیکھ سکیں گے۔
فیفا نے گزشتہ سال جاریکردہ ایک بیان میں کہا تھا کہ ورلڈ کپ 2018ء کی فٹبال کو کلاسیکی نمونے کیساتھ ازسرِنو تخلیق کیا گیا ہے جس کے پینل کا ڈیزائن نیا ہے اور اس میں جدید ترین تکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔
مذکورہ بیان میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس نئی فٹبال کا نام ’’ٹیل اسٹار‘‘ اِس کی ’’ٹیلیویژن اسٹار‘‘ کی اُس حیثیت کی مناسبت سے رکھا گیا ہے جب ٹی وی پر پہلی مرتبہ فٹبال نشر کیے جانے کے وقت اس کے پینل یعنی سطح کو بیلک اینڈ وہائٹ یعنی کالا اور سفید رکھا گیا تھا تاکہ یہ بلیک اینڈ وہائٹ ٹی وی نشریات سے مطابقت رکھے۔ یہ نمونہ فٹبال کی گیند کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
اب لگ بھگ 50 سال بعد پاکستانی کمپنی نے کالے اور سفید رنگ میں ہی فٹبال کو جدّت اور جدید ترین تکنالوجی کیساتھ بنایا ہے جس میں ایک چِپ بھی ہے۔ گزشتہ نومبر میں اس فٹبال کی نقاب کشائی ہوچکی ہے جب اس نئے نمونے کی گیند کو باضابطہ طور پر سامنے لایا گیا تھا۔ فٹبال کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی ارجنٹائن کے لائینل میرسی نے اس گیند کے افتتاح اور اسے استعمال کرنے کے بعد اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’میں اس کی ہر چیز پسند کرتا ہوں، نیا نمونہ، رنگ، ہرچیز‘‘۔ اُن کے یہ الفاظ پاکستان، فٹبال تیارکرنے والی پاکستانی کمپنی اور ہر اُس شخص کیلئے قبلِ فخر ہیں جس نے اس فٹبال کی تیاری میں حصّہ لیا۔
ہم آپ کا آن لائن تجربہ بہتر بنانے کیلئے کُوکیز استعمال کرتے ہیں۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ڈاٹ کام کی ویب سائٹ کا استعمال جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہماری کُوکیز و رازداری طریقِ عمل پالیسی اور شرائط وضوابط سے متفق ہیں۔ مزید آگاہی کیلئے رازداری طریقِ عمل دیکھیے۔منظوررازداری طریق عمل