(استنبول۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 18 رمضان 1439ھ) دنیا بھر میں حلال اشیاء کی تصدیق کی تنظیموں نے 17 رمضان المبارک بروز ہفتہ ’’عالمی یومِ حلال‘‘ منایا ہے۔ ترکی کی معروف حلال تنظیم گِمڈیز GIMDES کی جانب سے ہرسال 17 رمضان المبارک کو یہ دن منایا جاتا ہے جبکہ اُس کیساتھ منسلک امریکہ میں قائم ورلڈ حلال کونسل بھی اسی دن ’’عالمِ یومِ حلال‘‘ مناتی ہے۔
ترکی کے شہر استنبول میں قائم حلال تنظیم گِمڈیز کے ایک اعلیٰ رُکن ماجد الحریری نے اُردونیٹ کو بتایا کہ اس سال اُن کی تنظیم نے ’’عالمی یومِ حلال‘‘ کے موقع پر شام میں پانچ ہزار افراد کیلئے افطاری کا اہتمام کیا اور رمضان پیکٹس بھی تقسیم کیے ہیں۔ اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ تنطیم کی جانب سے ترکی کے کئی شہروں میں بھی افطاری کا اہتمام کیا گیا۔
امریکہ سے ورلڈ حلال کونسل کے نائب صدر حبیب غنیم نے بتایا کہ اُن کی تنظیم کیجانب سے واشنگٹن میں ایک دعوتِ افطار کا اہتمام کیا گیا جس میں غیرمسلمانوں کو مدعو کیا گیا اور اُنہیں حلال اور مسلمان کیوں حلال کھاتے ہیں اِس بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔
اطلاعات کیمطابق گِمڈیز ہی کے تعاون سے روس میں بھی ’’عالمی یومِ حلال‘‘ کی مناسبت سے حلال کی سند جاری کرنے والی تنظیم کیجانب سے افطار کا اہتمام کیا گیا۔
یاد رہے کہ آج کل نہ صرف مسلمان ممالک بلکہ غیراسلامی ملکوں بھی حلال اشیاء پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ دنیا بھر میں آزادانہ تجارت کے فروغ کی وجہ سے اب مسلمانوں کیلئے اس بات کی تصدیق ضروری ہوگئی ہے کہ وہ جو غذائی اشیاء خرید رہے ہیں آیا وہ حلال کے باضابطہ معیار کیمطابق ہیں یا نہیں۔ اسی مقصد کیلئے اب دنیا بھر میں حلال کی سند دینے والی تنظیمیں قائم ہوچکی ہیں جبکہ پاکستان سمیت اسلامی ممالک کے اداروں یا تنظیموں نے حلال سند کے معیارات بھی وضع کرلیے ہیں جن میں اسلامی تعاون تنظیم، خلیج تعاون کونسل، متحدہ عرب امارات، ملائیشیاء اور انڈونیشیاء قابلِ ذکر ہیں۔