عرب ممالک واشنگٹن سے اپنے سفراء کو واپس بلائیں: فلسطینی وزیر خارجہ

(قاہرہ۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 02 رمضان 1439ھ) فلسطین کے وزیرخارجہ ریاض المالکی نے عرب ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ امریکہ کیجانب سے اسرائیل میں سفارتخانے کو تل ابیب سے مقبوضہ القدس منتقل کرنے کے جواب میں واشنگٹن سے اپنے سفراء کو واپس بلائیں۔

قاہرہ میں منعقدہ عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کے ایک ہنگامی اجلاس میں براہِ راست نشر کیے گئے خطاب میں اُنہوں نے کہا کہ ’’عرب ممالک کیلئے واشنگٹن سے اپنے سفراء کو مشاورت کیلئے اجتماعی طور پر واپس اپنے دارالحکومت بلانے میں کوئی نقصان نہیں ہے‘‘۔

یاد رہے کہ امریکہ کیجانب سے اسرائیل میں تل ابیب سے سفارتخانے کو مقبوضہ القدس منتقل کرنے کی اسلامی ملکوں، اسلامی تعاون تنظیم اور عرب لیگ نے بھی سخت مذمّت کی ہے جبکہ یورپی یونین، فرانس، جرمنی، برطانیہ، چین، روس، جاپان اور جنوبی کوریا سمیت بین الاقوامی برادری کی واضح اکثریت نے امریکی اقدام کو تسلیم نہیں کیا اور اپنے سفارتخانے تل ابیب سے مقبوضہ القدس منتقل کرنے سے انکار کردیا ہے۔ یاد رہے کہ یہودی القدس کو ’’یروشلم‘‘ کہتے ہیں۔

ترکی نے اسرائیل میں امریکی سفارتخانے کی مقبوضہ القدس منتقلی کو مُسترد کرتے ہوئے واشنگٹن سے اپنے سفیر کو مشاورت کیلئے واپس طلب کرلیا ہے۔ عرب لیگ کے اجلاس میں لبنان کے مندوب نے بتایا کہ اُن کی وزارتِ خارجہ نے بین الاقوامی فوجداری عدالت کو ایک خط بھیجا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ غزہ میں فلسطینیوں کی ہلاکت کے ذمہ دار کا تعین کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔