عمران خان وزارتِ عظمیٰ کا حلف ایوانِ صدر میں ممکنہ طور پر 11 اگست کو اُٹھائیں گے

(اسلام آباد-اُردونیٹ پوڈکاسٹ 19 ذوالقعدہ 1439ھ) اطلاعات کیمطابق پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ اور نو منتخب رکنِ قومی اسمبلی عمران خان ممکنہ طور پر 11 اگست کو وزارتِ عظمیٰ کا حلف اُٹھائیں گے۔

 پاکستان تحریکِ انصاف کے ترجمان نعیم الحق کیمطابق عمران خان وزارتِ عظمٰی کا حلف ایوانِ صدر میں اُٹھائیں گے جبکہ تقریبِ حلف برداری میں سارک ممالک  کی شرکت متوقع ہے۔

نعیم الحق نے اسلام آباد میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتےہوئے بتایا  کہ عالمی رہنماء عمران خان کو فون کر رہے ہیں، اُنہیں بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی، افغان صدر اشرف غنی اور ترک صدر رجب طیب اردوغان کا فون آیا، جنہوں نے انتخابات میں کامیابی پر پی ٹی آئی کے چیئرمین کو مبارکبا دی۔

تحریکِ انصاف کے ترجمان کا کہنا تھا  کہ آج تک پاکستان میں حلف برداری کی تقریب میں کوئی غیر ملکی نہیں آیا، سابق وزیرِاعظم نواز شریف نے بھی اپنی تقریب میں کسی کو نہیں بلایا تھا، تاہم اس مرتبہ سارک ممالک کی شرکت متوقع ہے۔ یہ چہ میگوئیاں بھی کی جارہی ہیں کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی عمران خان کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کرسکتے ہیں لیکن تحریکِ انصاف کے ترجمان نے اِس بارے میں کچھ تبصرہ نہیں کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف  کے سربراہ عمران خان ایوانِ صدر میں حلف ُاٹھائیں گےاور حلف برداری کی یہ تقریب انتہائی سادہ لیکن پروقار ہو گی۔