عمران کی جیت پر مودی کی مبارکباد، بھارتی وزیرِ اعظم پاکستان کیساتھ نئے دور کے آغاز پر تیار

(اسلام آباد-اُردونیٹ پوڈکاسٹ 19 ذوالقعدہ 1439ھ) پاکستان کے عام انتخابات میں عمران خان کی جیت پر بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اُنہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پاکستان کیساتھ تعلقات میں نئے دور کے آغاز پر تیار ہیں۔ جواب میں عمران خان نے مبارکباد اور نیک تمناؤں کے اظہار پر بھارتی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے سربراہ پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کو ٹیلی فون کیا اور انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم مودی نے عمران خان کے لیے نیک تمناؤں اور خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کیساتھ تعلقات میں نئے دور کے آغاز پر تیار ہیں، معاملات آگے بڑھانے کیلئے دونوں ممالک کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

عمران خان نے مبارکباد اور نیک تمناؤں کے اظہار پر بھارتی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بات چیت کے ذریعے تنازعات کے حل کی تدبیر کی جانی چاہیئے، جنگیں اور خونریزی سے تنازعات کے حل کی بجائے المیے جنم لیتے ہیں، دونوں ممالک کے عوام کو غربت کے بے رحم شکنجے سے نکالنے کیلئے حکومتوں کو مشترکہ تدابیر کرنا ہوں گی۔

واضح رہے کہ عام انتخابات میں برتری حاصل کرنے کے بعد عمران خان نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں خارجہ پالیسی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ خارجہ پالیسی بہت بڑا چیلنج ہے، ہم تمام ہمسایوں سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔

بھارت سے تعلقات کے حوالے سے متوقع وزیرَ اعظم کا کہنا تھا کہ میں وہ پاکستانی ہوں جس نے پورا بھارت دیکھا ہے، پاک بھارت تعلقات کی بہتری سے برصغیر کی بہتری ہوگی۔ پاکستان اور بھارت کو تجارت کرنی چاہیئے جس سے دونوں ملکوں کو فائدہ ہوگا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے درمیان بنیادی مسئلہ کشمیر ہے، اگربھارت کی قیادت تیارہے تو ہم بھی تیار ہیں۔ بھارت ایک قدم ہماری طرف آیا تو ہم دو قدم جائیں گے، پاکستان اور بھارت کے درمیان دوستی ہونی چاہیے اور مسائل بات چیت سے حل ہونے چاہیئں۔

جواب لکھیے

براہ مہربانی اپنا تبصرہ یہاں لکھیں
براہ مہربانی یہاں اپنا نام لکھیں