(نیویارک۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 18 رمضان 1439ھ) غزہ میں فلسطینیوں کے تحفظ پر زور دینے والی اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں اسلامی تعاون تنظیم کی حمایت سے عرب ممالک کیجانب سے کویت کی پیش کردہ قرارداد کو امریکہ نے ویٹو، یعنی مسترد کردیا ہے۔ اس مجوز قرارداد میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ فلسطینیوں کیلئے بین الاقوامی تحفظ کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ اسرائیلی حکومت اور اسرائیلی فوج کیجانب سے غزہ میں جاری بربریت سے بچ سکیں جس میں 30 مارچ سے اب تک تقریبا 120 سے زائد فلسطینی جاں بحق اور 13 ہزار زخمی ہوچکے ہیں۔
مذکورہ قرارداد کے جواب میں امریکہ کیجانب سے پیش کی گئی ایک دوسری قرارداد کو سلامتی کونسل نے مسترد کردیا جس میں غزہ کی پٹّی میں حالیہ تشدّد پر فلسطینی تنظیم حماس کی مذمّت کی تجویز دی گئی تھی۔ اس امریکی قرارداد کو سلامتی کونسل میں یکسر تنہائی کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ خود امریکہ کے علاوہ کسی رُکن ملک نے اس کی حمایت میں ووٹ نہیں دیا۔
فلسطینیوں کے تحفظ کیلئے بین الاقوامی معاونت پر زور دینے والے کویتی مسودہٴ قرارداد کی حمایت میں 10 ووٹ آئے جبکہ چار ملک رائے دہی میں غیرحاضر رہے۔ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ رُکن ملکوں چین، روس، فرانس، برطانیہ اور امریکہ میں سے کسی بھی ایک رُکن کیجانب سے مجوزہ قرارداد کو ویٹو یعنی مُسترد کیے جانے کی صورت میں قرارداد منظور نہیں ہوتی۔ سلامتی کونسل میں امریکی مندوب نکی ہیلی نے ایک مرتبہ پھر اسرائیل کی حمایت اور فلسطینیوں کی مخالفت کرتے ہوئے کویت کی قرارداد کو ویٹو کیا۔
امریکہ کی طرف سے مسودہٴ قرارداد ویٹو کیے جانے کے بعد اقوامِ متحدہ کیلئے کویت کے مستقل مندوب منصور عیاد العطیبی نے کہا کہ قرارداد کا مسودہ عرب ملکوں کیجانب سے اسلامی تعاون تنظیم، اوآئی سی کی حمایت سے پیش کیا گیا تھا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’’ہم مذمّت کرتے ہیں کہ سلامتی کونسل یہ قرارداد منظور کرنے میں ناکام رہی جس میں وضع کیا گیا ہے کہ فلسطینیوں کو لازمی تحفظ فراہم کیا جائے جو قابض قوّت اسرائیل کیجانب سے نسل کشی کا سامنا کرتے ہوئے ثابت قدمی سے تباہ کُن اور سانحاتی صورتحال سے گزررہے ہیں۔
امریکہ جو خود کو مسئلہ فلسطین میں ایک ثالث کہتا رہا ہے اب مسلسل اسرائیل کی فلسطینیوں کیخلاف کھلی جارحیت، قتل اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کی پشت پناہی کررہا ہے۔ لیکن سلامتی کونسل میں اُس کی مندوب نکی ہیلی کی پیش کردہ قرارداد کے مسوّدے کے حق میں کوئی ووٹ نہ آنا عالمی سفارتکاری میں امریکہ کی بڑھتی ہوئی تنہائی کی غمازی کرتا ہے۔
ہم آپ کا آن لائن تجربہ بہتر بنانے کیلئے کُوکیز استعمال کرتے ہیں۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ڈاٹ کام کی ویب سائٹ کا استعمال جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہماری کُوکیز و رازداری طریقِ عمل پالیسی اور شرائط وضوابط سے متفق ہیں۔ مزید آگاہی کیلئے رازداری طریقِ عمل دیکھیے۔منظوررازداری طریق عمل