(فلوریڈا۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 15 فروری 2018) امریکی ریاست فلوریڈا کے ضلعے بروورڈ میں پارک لینڈ کے علاقے میں ایک اسکول پر دہشتگردانہ فائرنگ سے کم ازکم 17 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ 19 سالہ سابق طالبعلم کو اس ہلاکت خیز فائرنگ کے ملزم کے طور پر حراست میں لے لیا گیا ہے۔
امریکی ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کیمطابق مقامی سلامتی کے سربراہ اسکاٹ اسرائیل کا یہ کہتے ہوئے حوالہ دیا ہے کہ ایک سابق طالبعلم 19 سالہ نکولس کروز کو حراست میں لیا گیا ہے جسے نامعلوم تادیبی وجوہات کی بناء پر اسکول سے نکال دیا گیا تھا۔
ہلاک شُدگان میں طلباء اور دیگر افراد شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزم نے فائرنگ کرکے پہلے طلباء کو کمروں سے نکالا اور پھر مزید فائرنگ کی جس سے ہلاکتیں ہوئیں۔ یہ واقعہ دن کے تین بجے سے کچھ پہلے پیش آیا۔
اندھا دھند فائرنگ سے اسکول میں افراتفری پھیل گئی۔ ابتدائی اطلاعات کیمطابق ملزم سفید فام لگتا ہے۔ پولیس یا امریکی ذرائع ابلاغ نے ابھی ملزم کے مذہب کے بارے میں کُچھ نہیں بتایا۔
امریکہ میں رواں سال صرف دو ماہ کے اندر اسکول میں فائرنگ کا یہ کم ازکم چوتھا سنگین واقعہ ہے۔ 23 جنوری کو ریاست کینٹکی کے بینٹون میں ایک 15 سالہ طالبعلم نے 16 افراد کو گولی ماری تھی جس سے دو 15 سالہ بچّے ہلاک ہوئے تھے۔ 22 جنوری کو ٹیکساس میں ایک اسکول پر فائرنگ کی گئی تھی جس سے ایک 15 سالہ طالبعلم زخمی ہوا تھا۔