(لارڈز۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 09 رمضان 1439ھ) برطانیہ کے شہر لندن کے کرکٹ میدان لارڈز میں جمعرات کے روز شروع ہونے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی بالروں نے انگلش ٹیم کو 184 رنز پر آؤٹ کردیا اور بعد ازاں بلہ بازی کرتے ہوئے ایک وکٹ کے نقصان پر 50 رنز بنالیے۔
انگلش ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلّے بازی کا فیصلہ اس ہدف کیساتھ کیا تھا کہ کوئی بڑا اسکور کرکے پاکستانی ٹیم کو میچ میں دباؤ میں لایا جائے کیونکہ اطلاعات کیمطابق لارڈز کی وکٹ آہستہ آہستہ خشک اور سُست ہوجائے گی جس پر بعد میں رنز بنانا آسان نہ ہوگا۔ لیکن پاکستان کے تیز رفتار بالروں محمد عامر، حسن علی، محمد عباس اور فہیم اشرف نے برطانوی بلّے بازوں کو کسی بھی موقع پر کھل کر یا اعتماد سے کھیلنے کا موقع نہ دیا اوراُن کی پوری ٹیم 184 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
انگلش بلّے بازوں میں صرف کُک ہی جم کر کھیل سکے لیکن وہ 70 رنز بناکرمحمدعامر کی ایک خوبصورت گیند پر بولڈ ہوگئے۔ اس کے بعد پاکستانی بالروں نے برطانوی بلّے بازوں کو وکٹ پر جمنے کا قطعی موقع نہ دیا اور وہ وقفے وقفے سے اُنہیں پویلین پہنچاتے رہے۔
حسن علی اور محمد عباس نے چار چار وکٹیں لیں جبکہ محمد عامر اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
انگلش ٹیم کے 184 رنز کے جواب میں کھیل کے اختتام تک پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 50 رنز بنائے تھے۔ دوسرے دن کا کھیل خاصا دلچسپ ہونے کا امکان ہے کیونکہ پاکستان کی کوشش ہوگی کی پہلی اننگز میں انگلش ٹیم پر زیادہ سے زیادہ رنز کی سبقت حاصل کی جائے جبکہ انگلش ٹیم پاکستان کو جلد آؤٹ کرنے کی ہرممکن کوشش کرے گی۔
ہم آپ کا آن لائن تجربہ بہتر بنانے کیلئے کُوکیز استعمال کرتے ہیں۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ڈاٹ کام کی ویب سائٹ کا استعمال جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہماری کُوکیز و رازداری طریقِ عمل پالیسی اور شرائط وضوابط سے متفق ہیں۔ مزید آگاہی کیلئے رازداری طریقِ عمل دیکھیے۔منظوررازداری طریق عمل