(جدہ۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 21 رمضان 1439ھ) لیبیائی قومی اتحاد کی حکومت کے سربراہ فائز السراج نے سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے مکہ معظمہ میں ملاقات کی ہے۔ یہ ملاقات جس میں سعودی عرب اور لیبیا کی دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں، الصفا شاہی محل میں ہوئی۔ لیبیا کے وفد نے شاہ سلمان کیساتھ افطاری بھی کی۔
اس سے پہلے لیبیا کے وزیراعظم نے جدہ میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی وزیرخارجہ عادل بن احمد الجبیر سے بھی ملاقات کی تھی۔
سعودی عرب کے سرکاری خبررساں ادارے سعودی پریس ایجنسی کیمطابق لیبیا کے وزیراعظم فائز السراج کی سعودی قیادت کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں دوطرفہ امور، ریاض اور طرابلس کے درمیان تعلقات فروغ اور لیبیا میں امن واستحکام پر بات چیت کی گئی۔ سعودی قیادت نے وزیراعظم فائز السراج کو یقین دلایا کہ اُن کا ملک لیبیا کی تعمیر وترقی اور عوام کی فلاح وبہبود کے لیے ہرممکن کوشش جاری رکھے گا۔
لیبیا کے وزیراعظم منگل کے روز سعودی عرب سے واپس وطن روانہ ہوگئے۔ اُن کے دورہٴ سعودی عرب کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں تاہم باور کیا جاتا ہے کہ اُنہوں ںے لیبیا میں سیاسی ومعاشی تعیرِ نو کیلئے سعودی عرب سے معاونت کی درخواست کی ہے۔