ماسکو میں روسی مسافر ہوائی جہاز حادثے کا شکار، تمام مسافر ہلاک

(ماسکو۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 12 فروری 2018)  روس کے دارالحکومت ماسکو  کے نزدیک ساراتوف ایئر لائن کا ایک مسافر ہوائی جہازگر کر تباہ ہوگیا ہے اور اُس پر سوار 65 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سمیت مجموعی طور پر 71 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ یہ ہوائی جہاز اے این 148 تھا جس کا پرواز نمبر 730 تھا جو ماسکو سے اورسک جارہی تھی۔

دومودیدوفو ہوائی اڈّے سے عملے سمیت 71 مسافروں کے ساتھ اُڑنے والا یہ مسافر بردار طیارہ پرواز سے 2 منٹ کے بعد ریڈار سے غائب ہوگیا۔ روس کے خبررساں ادارے انٹرفیکس کیمطابق ساراتوف ایئر لائن کا ہوائی جہاز ماسکو کے وقت کیمطابق دوپہر 2 بجکر 21 منٹ پر روانہ ہوا تھا جس کے چند منٹ بعد جہاز سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ اطلاع کیمطابق ماسکو کے علاقے رامینسکی میں یہ حادثہ ہوا ہے۔

حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ حادثے کی ممکنہ وجہ موسمی حالات، پائیلٹ کی غلطی یا تکنیکی نقص ہوسکتی ہے۔ اس حادثے میں کسی کے زندہ بچنے کی اُمید نہیں ہے۔

کریملن  کے ترجمان دمتری پیسکوف  نے حادثے سے متعلق جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ صدر ولادیمیر پوٹن نے حادثے میں ہلاک ہونے والے مسافروں  کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور واقعے سے متعلق خصوصی تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے کا حکم دیا ہے۔