(واشنگٹن۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 12 فروری 2018) امریکی وزیردفاع جیمز میٹس نے کہا ہے کہ ہم مشرقِ وسطیٰ میں جہاں کہیں بھی مسئلہ دیکھتے ہیں اُس کے پیچھے ایران نظر آتا ہے خواہ وہ یمن ہو، بیروت ہو یا پھر شام، آپ ہمیشہ ایران ہی کو دیکھیں گے۔
اتوار کے روز ایک بیان میں اُنہوں نے مشرقِ وسطیٰ کو درپیش مسائل اور بحران کی وجہ ایران کو قرار دیا۔
شام کی صورتحال سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے جیمز میٹس نے شامی حکومت کی فورسز کیساتھ امریکی فوج کے عسکری ٹکراؤ کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا کہ شام میں امریکہ کی موجودگی کی وجہ ’’داعش‘‘ تنظیم کے خلاف لڑائی ہے۔
امریکی وزیردفاع نے مزید کہا کہ "خطرہ درپیش ہونے کی صورت میں خود کا دفاع کرنا ہمارا حق ہے۔ تاہم ہمارا انتخاب یہ ہے کہ جنگ کو پھیلایا نہ جائے کیوں کہ یہ ہمارے مفاد میں نہیں ہو گا”۔
داعش تنظیم کے خلاف برسر جنگ بین الاقوامی اتحاد میں شریک 14 ممالک کے وزراء دفاع کا اجلاس منگل کے روز روم میں منعقد ہو رہا ہے۔ اس اجلاس میں ان ممالک کے مشترکہ عمل بالخصوص شام میں داعش تنظیم کے گرفتار جنگجوؤں کے انجام کو زیر بحث لایا جائے گا۔