(ٹوکیو-اُردونیٹ پوڈکاسٹ 26 شوال 1439ھ) مغربی جاپان کے 15 پریفیکچروں میں طوفانی بارشوں کے بعد آنے والے سیلابوں اور مٹّی کے تودے گرنے سے پیر تک 126 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ہیروشیما، ہیوگو، شیگا، اوکایاما اور کیوتو سمیت دیگر متاثرہ پریفیکچروں سے لاکھوں افراد کا انخلاء کروایا گیا ہے کیونکہ کئی شہروں اور نشیبی علاقوں میں سیلابی پانی نے مکانات کو تباہ کردیا ہے۔
حالیہ ہلاکتوں کی مذکورہ تعداد 1982ء میں جنوب مغربی جاپان میں ناگاساکی کے اردگرد ہونے والے شدید بارش کے نتیجے میں 299 افراد کے ہلاک یا لاپتہ ہوجانے کے بعد سب سے بڑی تعداد ہے۔
گزشتہ ہفتے شدید بارشوں اور مٹّی کے تودے گرنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے تناظر میں آفات سے نبٹنے کی انتظامیہ نے ایک موقع پر 63 لاکھ افراد کیلئے انخلاء کے احکامات جاری کیے تھے۔ جاپانی پولیس، دفاعی فوج کے اہلکار اور امدادی کارکنان متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو علاقے سے نکالنے سمیت دیگر امدادی سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں۔
بارشوں کے بعد سیلاب کی وجہ سے کئی علاقوں میں گھر اور کاروباری مراکز زیرِ آب آگئے ہیں۔ جاپان کے مغربی علاقوں میں ریلوے سمیت نقل وحمل کے ذرائع شدید متاثر ہوئے ہیں جبکہ کئی بڑے کاروباری اداروں کی پیداوار پر بھی منفی اثر پڑا ہے۔
ہم آپ کا آن لائن تجربہ بہتر بنانے کیلئے کُوکیز استعمال کرتے ہیں۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ڈاٹ کام کی ویب سائٹ کا استعمال جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہماری کُوکیز و رازداری طریقِ عمل پالیسی اور شرائط وضوابط سے متفق ہیں۔ مزید آگاہی کیلئے رازداری طریقِ عمل دیکھیے۔منظوررازداری طریق عمل