(کوالا لمپور۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 25 شعبان 1439ھ) ڈاکٹر مہاتیر محمد نے عام انتخابات میں ملک کے اندر اور بیرونِ ملک چونکا دینے والی تاریخی فتح کے بعد ملائیشیاء کے ساتویں وزیراعظم کے طور پر حلف اُٹھاکر اقتدار کی باگ ڈور ایک مرتبہ پھر سنبھال لی ہے۔ وہ چوتھی مرتبہ باضابطہ طور پر ملک کے وزیراعظم بنے ہیں۔ اُن کی حلف برداری کی پروقار تقریب کو براہ، راست ٹیلیویژن پر نشر کیا گیا۔ دارالحکومت کوالالمپور سمیت ملک کے بیشتر شہروں اور علاقوں میں جشن کا سماں ہے۔
92 سال کی عمر میں وزیراعظم بن کر ریکارڈ قائم کرنے والے مہاتیر محمد نے کوالالمپور کے استانہ نیگارا محل میں منعقدہ ایک باوقار تقریب میں ملک کے بادشاہ سلطان محمد کے سامنے حلف اُٹھایا۔ پارلیمان کی جن 222 نشستوں پر انتخابات ہوئے اُن میں سے 113 نشستیں اُن کے سیاسی اتحاد پکتان ہراپن (اُمید کا اتحاد) نے جیتی ہیں۔
ملائیشیاء کے سیاسی تجزیہ کار مہاتیر محمد کی کامیابی کی سب سے بڑی وجہ سابق وزیراعظم نجیب رزاق کی حکومت میں ہونے والی بڑے پیمانے کی بدعنوانیوں اور بڑھتی ہوئی مہنگائی پر عوامی ردعمل کو قراردے رہے ہیں۔
انتخابات میں سیاسی درجہٴ حرارت کافی بلند تھا لیکن ملک بھر میں انتخابی مہم سے لے کر رائے دہی کے عمل اور مہاتیر محمد کے اقتدار کی باگ ڈور سنبھالنے تک کسی قسم کی بدنظمی یا امن وامان کی صورتحال میں خلل دیکھنے میں نہیں آیا۔ غیرملکی تجزیہ کار بھی ملائیشیاء کے منظم سیاسی اور جمہوری عمل کی تعریف کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ مہاتیر محمد 1981ء سے 2003ء تک ملک کے وزیراعظم رہے تھے اور بعد ازاں اُنہوں نے سیاست کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ لیکن وہ ملک میں بدعنوانی سے سخت نالاں ہوئے اور ایک مرتبہ پھر ملک میں تبدیلی لانے کیلئے سیاستدان میں آگئے اور عام انتخابات میں وزیراعظم نجیب رزاق اور حکمراں اتحاد کو غیرمعمولی چیلنج کردیا۔ مہاتیر محمد نے وزیراعظم نجیب رزاق کو بدعنوانیوں کا ذمہ دار ٹھہرایا اور اُن پر سخت تنقید کی تھی۔
92 سالہ مہاتیر محمد وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد دنیا کے معمرترین منتخب وزیراعظم بن گئے ہیں۔ انتخابات میں فتح کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے اُنہوں نے واضح کیا کہ نئی حکومت کسی سے انتقام نہیں لے گی۔ ملائیشیاء کو جدید بنانے والے رہنماء کا کہنا تھا کہ وہ قانون کی حکمرانی بحال کریں گے اور جس کسی نے قانون کی خلاف ورزی کی اُس پر مقدمہ چلے گا۔
ہم آپ کا آن لائن تجربہ بہتر بنانے کیلئے کُوکیز استعمال کرتے ہیں۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ڈاٹ کام کی ویب سائٹ کا استعمال جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہماری کُوکیز و رازداری طریقِ عمل پالیسی اور شرائط وضوابط سے متفق ہیں۔ مزید آگاہی کیلئے رازداری طریقِ عمل دیکھیے۔منظوررازداری طریق عمل