(اسلام آباد-اُردونیٹ پوڈکاسٹ 08 ذوالحجہ 1439ھ) پاکستان کے نئے وزیرِاعظم عمران خان نے 16 وزراء اور 5 مشیروں پر مشتمل اپنی 21 رکنی وفاقی کابینہ کی منظوری دیدی ہے۔ شاہ محمود قریشی کو وزارتِ خارجہ کا قلمدان سونپا گیا ہے جو اس سے پہلے بھی وزیرِ خارجہ رہ چکے ہیں اور پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی اراکین میں شامل ہیں۔
پاکستان تحریکِ انصاف کی طرف سے ٹوئیٹر پر جاریکردہ اعلان کیمطابق فواد چوہدری وزیراطلاعات ونشریات، اسد عمر وزیرِ خزانہ، پرویز خٹک وزیردفاع اور شفقت محمود وزیرِ تعلیم ہوں گے جبکہ غلام سرور اعوان کو پیٹرولیم، عامر محمود کیانی کو صحت اور عوامی مُسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو ریلوے کی وزارت کا قلمدان سونپا گیا ہے۔
اس کے علاوہ اطلاعات کیمطابق ایم کیو ایم پاکستان کے خالد مقبول صدیقی کو اطلاعاتی تکنالوجی و مواصلات اور بیرسٹر فروغ نسیم کو وزارتِ قانون کا قلمدان دیا جارہا ہے۔ اہم ترین وزارتوں میں سے ایک سمجھی جانے والی وزارتِ داخلہ سمیت 21 وزارتوں کا قلمدان وزیراعظم عمران خان ہی کے پاس رہے گا جن میں سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت بھی شامل ہے تاہم توقع کی جارہی ہے کہ بہت جلد یہ وزارتیں دیگر اراکین کو سونپ دی جائینگی۔
ہم آپ کا آن لائن تجربہ بہتر بنانے کیلئے کُوکیز استعمال کرتے ہیں۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ڈاٹ کام کی ویب سائٹ کا استعمال جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہماری کُوکیز و رازداری طریقِ عمل پالیسی اور شرائط وضوابط سے متفق ہیں۔ مزید آگاہی کیلئے رازداری طریقِ عمل دیکھیے۔منظوررازداری طریق عمل