(لاہور۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 11 فروری 2018) پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے امکانات قوی ہوتے جارہے ہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نجم سیٹھی نے تصدیق کردی ہے کہ جزائر غرب الہند یعنی ویسٹ انڈیز کی ٹیم مارچ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔
بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے متحدہ عرب امارات میں منعقدہ اجلاس کے موقع پر نجم سیٹھی نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ اُنہوں نے اگست 2018ء میں سہ فریقی سیریز کیلئے دستخط کیے ہیں جس میں پاکستان، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔
ویسٹ انڈیز کا دورہٴ پاکستان نومبر2017ء میں طے تھا لیکن لاہوں میں شدید دھند والے موسم اور ویسٹ انڈیز کے اہم کھلاڑیوں کی بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں مصروفیت کی وجہ سے اسے ملتوی کردیا گیا تھا۔