(ٹوکیو-اُردونیٹ پوڈکاسٹ 16 شوال 1439ھ) سفارتخانہٴ پاکستان کیجانب سے ٹوکیو میں پاکستان کے حوالے سے ایک تصاویری نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے جس کی افتتاحی تقریب 27 جُون کو ٹوکیو کے مناتو وارڈ میں قائم تاکاناوا سِوک سینٹر میں منعقد ہوئی جہاں یہ تصاویری نمائش جاری ہے۔
’’کئی عجائبات کی سرزمین-پاکستان کا سفر‘‘ کے عنوان سے اہتمام کی گئی 45 تصاویر کی یہ نمائش پاکستان کے چاروں صوبوں کے خوبصورت، دلکش اور تاریخی مقامت کی عکّاسی کرتی ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپان میں سفیرِ پاکستان اسد مجید خان نے کہا کہ ’’اس نمائش کے اہتمام کا مقصد ٹوکیو اور مناتو وارڈ کے رہائشیوں کو پاکستان متعارف کروانا ہے‘‘۔ اُنہوں نے سیاحت کے حوالے سے ملک میں دلکش اور تاریخی مقامات کی اہمیت اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ’’پاکستان میں گزشتہ چند سالوں کے دوران سلامتی صورتحال کی بہتری ایک مرتبہ پھر سیاحت کے فروغ کا درست وقت ہے اور سفارتخانہ کو پاکستان جانے میں دلچسپی لینے والے جاپانی باشندوں کیجانب سے ویزا کے حصول کی درخواستوں میں اضافہ ہورہا ہے‘‘۔
تصاویری نمائش کے مہمانِ خصوصی جاپان-پاکستان ارکانِ پارلیمان دوستی لیگ کے صدر سیئشیرو ایتو نے نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے اپنے خطاب میں سفارتخانہٴ پاکستان کو شاندار تصاویری نمائش کا اہتمام کرنے پر مبارکباد دی۔ اُنہوں نے یہ بتاتے ہوئے کہ پاکستان-جاپان ارکانِ پارلیمان دوستی لیگ سے سفیرِ پاکستان کیجانب سے متعدد بار دورہٴ پاکستان کی درخواست کی گئی تھی، اعلان کیا کہ ’’جاپان کے ایوانِ زیریں کےارکانِ پارلیمان اِسی سال 3 سے 6 ستمبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے‘‘۔
ٹوکیو میں پاکستان کی تصاویری نمائش
1 آف 9
اِس تصاویری نمائش کی افتتاحی تقریب میں پاکستان میں جاپان کے سابق سفراء، جاپان میں ترکی کے سفیر اور دیگر ممالک کے اعلیٰ سفارتکاروں کے علاوہ جاپان میں مقیم پاکستانیوں نے بھی شرکت کی۔ اِس موقع پر اُردو کی نامور جاپانی شخصیت پروفیسر ہیروجی کتاؤکا (ستارہٴ امتیاز) نے اُردونیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’تصاویر دیکھنے سے اُن کے زمانہٴ طالبعلمی میں پاکستان کے مختلف مقامات کی دوروں کی یاد تازہ ہوگئی جن میں خاص طور پر جھیل سیف الملوک اور دیگر دلکش علاقے شامل ہیں‘‘۔
سفیرپاکستان اسد مجید خان نے اُمید ظاہر کی کہ پاکستان کے حوالے سے منعقدہ یہ تصاویری نمائش جاپانی عوام کو پاکستان متعارف کروانے اور پاکستان کو دیکھنے کیلئے ایک کھڑکی کا کام کرے گی۔ اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ سفارتخانہٴ پاکستان، ٹوکیو کے علاوہ جاپان کے دیگر شہروں میں بھی تصاویری نمائش کا اہتمام کرے گا۔
ہم آپ کا آن لائن تجربہ بہتر بنانے کیلئے کُوکیز استعمال کرتے ہیں۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ڈاٹ کام کی ویب سائٹ کا استعمال جاری رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ہماری کُوکیز و رازداری طریقِ عمل پالیسی اور شرائط وضوابط سے متفق ہیں۔ مزید آگاہی کیلئے رازداری طریقِ عمل دیکھیے۔منظوررازداری طریق عمل