پاکستانی وزیراعظم کی نیویارک ہوائی اڈے پر جامہ تلاشی، عوام کیجانب سے غصے کا اظہار

(اسلام آباد۔اُردونیٹ پوڈکاسٹ 14رجب 1439ھ) پاکستان کے وزیرِ اعظم شاہد خاقان عبّاسی کی نیویارک کے جے ایف کینیڈی ہوائی اڈّے پر جامہ تلاشی کی وڈیو منظرعام پر آنے کے بعد پاکستانی عوام اور ذرائع ابلاغ کے مبصّرین کیجانب سے سخت غصّے کا اظہار کیا جارہا ہے۔ کئی تجزیہ کاروں نے امریکی ہوائی اڈّے پر پاکستانی وزیرِ اعظم کی جامہ تلاشی کو قومی تضحیک قراردیتے ہوئے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

وڈیو میں شاہد خاقان عبّاسی کو بظاہر اپنی پتلون کا کمربند باندھتے اور جیکٹ لیتے ہوئے دکھایا گیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مشین سے گزار کر اُن کے سامان اور بدن کی تلاشی لی گئی۔

پاکستانی وزیرِ اعظم مارچ کے مہینے میں اطلاعات کیمطابق امریکہ کے نجی دورے پر گئے تھے۔ لیکن اِسی دورے میں اُن کی امریکی نائب صدر مائیک پینس سے ملاقات بھی ہوئی تھی۔

پاکستان کے کئی تجزیہ کاروں نے امریکہ کے دورے کے دوران پاکستانی وزیرِ اعظم کی ہوائی اڈّے پر جامہ تلاشی کو قومی تضحیک قراردیتے ہوئے امریکی انتظامیہ پر شدید تنقید کی ہے اور حکومتِ پاکستان کو بھی آڑے ہاتھوں لیا ہے۔

اسلام آباد میں ایک نجی کمپنی کے دفتر میں اعلیٰ عہدے پر کام کرنے والے شمس الدین کا کہنا تھا کہ سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے پاکستانی وزیرِاعظم کا نجی دورہ بھی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ اُنہوں ںے کہا کہ پاکستان آنے والے امریکی چپڑاسی کو بھی ہوائی اڈّوں پر خصوصی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں جبکہ جس طرح کا سلوک پاکستانی وزیراعظم سے امریکہ میں کیا گیا ہے وہ شرمناک ہے اور پوری پاکستانی قوم کی تضحیک ہے۔

اسلام آباد ہی میں ایک پاکستانی خاتون نے سوال کیا کہ کیا اسلام آباد میں تعینات امریکی سفیر کی پاکستان آمد ورفت کے موقع پر اُنہیں بھی پاکستان کے ہوائی اڈّوں پر اُسی باوقار جانچ پڑتال کے طریقہٴ کار کا سامنا ہوتا ہے جس کا پاکستان کے وزیرِاعظم کو امریکہ میں ہُوا ہے؟

ایک سابق پاکستانی سفارتکار نے امریکی ہوائی اڈّے پر پاکستانی وزیرِاعظم کی جامہ تلاشی کو پاکستان-امریکہ تعلقات کی بدترین صورتحال قراردیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانہ اپنے وزیراعظم کیلئے امریکہ میں مناسب اقدامات کرنے میں ناکام رہا ہے جس سے پوری قوم کی تضحیک ہوئی ہے۔

دریں اثناء، کئی غیرملکی ذرائع ابلاغ نے بھی پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عبّاسی کی امریکی ہوائی اڈّے پر جامہ تلاشی کی وڈیو اور پاکستانی ذرائع ابلاغ کے طیش سے بھرپور ردعمل کی خبریں نشر کی ہیں۔ مذکورہ وڈیو کو ٹوئیٹر پر بھی جاری کیا گیا ہے اور اِس پر تبصرے جاری ہیں۔