پاکستان۔جاپان دوستی میلہ 2017 کے منتظمین اور رضاکاروں کے اعزاز میں سفیر پاکستان کا عشائیہ

(ٹوکیو ۔ اُردونیٹ پوڈکاسٹ ۔ ۲ فروری ۲۰۱۸) جاپان میں سفیر پاکستان اسد مجید خان صاحب نے پاکستان ۔ جاپان دوستی میلہ 2017ء کے جاپانی وپاکستانی منتظمین ، رضاکاروں اور گلوکاری سمیت دیگر فن کا مظاہرہ کرنے والے فنکاروں کے اعزاز میں مورخہ 2 فروری بروز جمعہ ایک شاندار تقریب اور عشائیے کا اہتمام کیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے مذکورہ میلے کے انعقاد پر منتطمین اور دیگر حضرات کی کاوشوں پر اُنہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میلے میں نا صرف پاکستانی وجاپانی شرکاء بلکہ جاپان میں مقیم پاکستانیوں کے بچوں کو دیکھ کر اُنہیں بیحد خوشی ہوئی جو جاپان میں مقیم پاکستانیوں کی دوسری نسل ہیں۔ جناب اسد مجید خان نے کہا کہ پاکستان ۔ جاپان دوستی میلہ ایسے بچوں کو پاکستان کی ثقافت، تاریخ اور پاکستانی پکوان سے متعارف کروانے کا بہترین موقع تھا اور اُنہیں اُمید ہے کہ یہ میلہ آئندہ بھی پاکستان اور جاپان کے دوستانہ تعلقات کے فروغ میں ایک پُل کا کردار ادا کرے گا۔

مذکورہ میلے کے پاکستانی وجاپانی منتطمین نے سفارتخانہ پاکستان اور خاص طور پر سفیر پاکستان اسد مجید خان کیجانب سے میلے کے انعقاد میں بھرپور تعاون اور حوصلہ افزائی کرنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے رواں سال اگست میں پہلے سے زیادہ تیاریوں کیساتھ پاکستان ۔ جاپان دوستی میلہ 2018ء منعقد کروانے کا باضابطہ اعلان کیا ۔ اس سال بھی یہ میلہ ٹوکیو کے مشہور ترین وینو پارک میں ہی منعقد کیا جائے گا۔

خطاب کے بعد سفیر پاکستان اسد مجید خان صاحب نے منتطمین، رضاکاروں اور فنکاروں کو ستائشی اسناد تقسیم کیں جو سفارتخانہ پاکستان کیجانب سے میلے میں خدمات انجام دینے والوں کیلئے خراج تحسین ہے ۔ اس موقع پر حاضرین نے گرمجوشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زور دار تالیاں بجائیں اور اگلے میلے کو زیادہ کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء کی پاکستانی کھانوں سے تواضع کی گئی ۔ جاپان میں ہر سال کئی ممالک کیجانب سے میلے منعقد کیے جاتے ہیں جو ملکوں کی ثقافت اور پکوان متعارف کروانے کا موثر ذریعہ ثابت ہوئے ہیں۔ پاکستان ۔ جاپان دوستی میلہ عدم تسلسل کیساتھ کئی بار منعقد ہوا ہے تاہم اب اُمید کی جارہی ہے کہ یہ میلہ ہر سال تسلسل سے منعقد کروایا جائے گا۔